حیدرآباد: کانگریس کے رکن کونسل جیون ریڈی نے گورنر سوندرا راجن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے خلاف کارروائی کی اپیل کی ہے جنہوں نے چیف منسٹر کے عہدہ کے بارے میں توہین آمیز بیان دیا ہے۔ گورنر کو مکتوب میں جیون ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو نے تلنگانہ بھون میں منعقدہ پارٹی اجلاس میں ریمارک کیا کہ چیف منسٹر کا عہدہ میرے بائیں پیر کے جوتے کے برابر ہے۔ جیون ریڈی نے کہا کہ وفاقی ریاست میں چیف منسٹر کا عہدہ دستوری ہوتا ہے۔ چیف منسٹر نے عہدہ کے بارے میں جو بیان دیا ہے، وہ دستور کے مغائر ہے۔ ان کے بیان سے 4 کروڑ تلنگانہ عوام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر کے عہدہ کیلئے اس طرح کے بیانات زیب نہیں دیتے۔ انہوں نے گورنر سے درخواست کی کہ وہ اس معاملہ کی جانچ کا اعلان کریں اور ضروری قانونی اور دستوری قدم اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے عہدہ کی توہین کرتے ہوئے دستوری فرائض کی خلاف ورزی کی ہے ۔