سونی پت ، 26اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہریانہ کے وزیراعلی منوہر لال کھتر کے سامنے پیر کو سونی پت کے گاوں راٹھدھانا میں گاوں میں رہنے والے راجیش نے بچوں کو سرکاری ملازمت نہ دیئے جانے کے خلاف خودسوزی کرلی۔ اس حادثہ میں اس کے علاوہ آس پاس کھڑے تین لوگ جھلس گئے ۔ موصولہ اطلاع کے مطابق اپنے طے شدہ پروگرام کے مطابق وزیراعلی کی ’جن آشیرواد‘ یاترا آج صبح تقریباََ ساڑھے نو بجے سونی پت ضلع کے بحال گڑھ سے شروع ہوکر تقربیاََ ساڑھے گیارہ بجے کھرکھودا اسمبلی کے گاوں راٹھدھاناگاوں پہنچی تھی۔ مسٹر کھتر کی تقریر چل رہی تھی کہ اسی دوران گاوں راٹھدھانا کے راجیش نے وزیراعلی کے رتھ کے سامنے پہنچ کر آگ لگا لی۔ اس کی خودسوزی سے وہاں افراتفری مچ گئی اور انتظامیہ کے حکام کے ہاتھ پیر پھول گئے ۔ پولیس اور آس پاس کے لوگوں نے کپڑے وغیرہ ڈال کر آگ پر قابو پایا۔ جانچ میں پتہ چلا کہ راجیش پہلے سے ہی خود پر تیل چھڑک کر موقع پر پہنچا تھا۔اس حادثہ میں راجیش کے علاوہ گاوں کیلانا، چاند رام گاوں بیگا اور ایک دیگر نوجوان مکیش بھی جھلس گیا۔ زخمیوں کو فوری طورپر سونی پت کے اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں سے راجیش کی سنگین حالت کے پیش نظر اسے پی جی آئی خان پور ریفرکردیا گیا۔راجیش نے اسپتال میں بات چیت کے دوران الزام لگایا کہ وزیراعلی نے اس کے دو بیٹوں کو گروپ ڈی کی سرکاری ملازمت دینے کا یقین دلایا تھا لیکن انہوں نے اس کا کام نہیں کیا جس سے وہ اسے کافی ٹھیس پہنچی۔ تازہ خبر ملنے تک پولیس معاملہ کی جانچ میں مصروف ہے ۔