چیف منسٹر یوپی یوگی آدتیہ ناتھ کا دورہ چارمینار

   

مندر میں درشن، سخت سکیوریٹی، تجارتی سرگرمیاں ٹھپ

حیدرآباد۔3جولائی (سیاست نیوز) چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے چارمینار کے دامن میں واقع غیر قانونی مندر کے درشن کئے اس موقع پر چارمینار کے اطراف واکناف میں سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے ۔ صبح کی اولین ساعتوں میں یوگی آدتیہ ناتھ بھاگیہ لکشمی مندر کا دورہ کرتے ہوئے درشن کرنے والے تھے لیکن ان کی آمد کے پروگرام میں ایک گھنٹے کی تاخیر کے سبب چارمینار کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں پولیس کو چوکس دیکھا گیا۔ چیف منسٹر اترپردیش کی بھاگیہ لکشمی مندر آمد کے پیش نظر چارمینار کے اطراف تجارتی سرگرمیوں کو بند رکھا گیا تھا اور پولیس کی جانب سے ٹھیلہ بنڈی رانوں کو بھی تجارتی سرگرمیوں کے آغاز سے باز رکھنے کے اقدامات کئے گئے تھے۔یوگی آدتیہ ناتھ کے ہمراہ اس موقع پر ان کے ہمراہ ریاستی صدر بھارتیہ جنتا پارٹی بنڈی سنجے ‘ رکجن پارلیمنٹ ڈاکٹر کے لکشمن‘رکن اسمبلی گوشہ محل ٹی راجہ سنگھ کے علاوہ یگر بی جے پی قائدین موجود تھے۔چیف منسٹر اترپردیش کی آمد کے پیش نظر چارمینار کے دامن میں موجود اس ڈھانچہ کے اطراف و اکناف خصوصی پلیٹ فارم کی تیاری کے علاوہ سجاوٹ کے کام انجام دیئے گئے تھے۔یوگی آدتیہ ناتھ کی آمد کے موقع پر چارمینار کے اطراف بھاری تعداد میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے کارکن موجود تھے جو ان کی آمد کے ساتھ ہی نعرے بازی کررہے تھے ‘ یوگی آدتیہ ناتھ نے ان کے حامیوں کا ہاتھ ہلا کرجواب دیتے ہوئے پوجا اور آرتی کیلئے روانہ ہو گئے ۔م