تلنگانہ میں برقراری امن سے متعلق موقف کوپیش کرنے وزیر داخلہ کو کے سی آر کی ہدایت
حیدرآباد۔25اگسٹ(سیاست نیوز) وزیر داخلہ تلنگانہ جناب محمد محمود علی 26اگسٹ کو دہلی میں ہونے والی چیف منسٹرس کانفرنس میں شرکت کریں گے جو کہ مرکزی وزیر داخلہ مسٹر امیت شاہ کی قیادت میں منعقد ہوگی۔ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤنے دہلی میں مختلف امور بالخصوص امن و ضبط کی صورتحال ‘ ریاستوں کی ترقی اور نکسلائٹس کے مسئلہ پر منعقد ہونے والی قومی کانفرنس میں شرکت کے لئے جناب محمد محمود علی کو روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وزیر داخلہ اس کانفرنس میں شرکت کیلئے دہلی روانہ ہوچکے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ مرکزی وزیر داخلہ کی جانب سے طلب کردہ تمام ریاستوں کے وزرائے اعلی کی اس کانفرنس کے دوران ملک کو درپیش حالات اور چیالنجس پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور قومی سطح پر امن و ضبط کی صورتحال کے علاوہ ریاستوں میں امن وامان کی برقراری کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ریاست تلنگانہ کی نمائندگی کے لئے جناب محمد محمود علی کو روانہ کرتے ہوئے چیف منسٹر نے یہ ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اجلاس کے دوران ریاستی حکومت کے موقف کو پیش کرنے کے علاوہ ریاست میں جاری ترقیاتی کاموں اور امن و ضبط کی برقراری کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے مرکزی حکومت اور دیگر ریاستوں کے وزرائے اعلی کو واقف کروائیں۔بتایاجاتا ہے کہ 26 اگسٹ کو منعقد ہونے والے وزرائے اعلی کے اس اجلاس میں ملک کی تمام ریاستوں کے چیف منسٹرس شرکت کرنے والے ہیں اور امکان ہے کہ مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے داخلی امن وامان کے علاوہ نکسلائٹس سے متاثرہ ریاستوں میں کی جانے والی کاروائیوں اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے ماؤسٹ گروپس پر کنٹرول کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے آگہی حاصل کرنے کے علاوہ متاثرہ ریاستوں کے لئے خصوصی اقدامات اور نوجوانوں کوممنوعہ تنظیموں کی جانب سے راغب ہونے سے بچانے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ریاست تلنگانہ میں حالیہ عرصہ کے دوران ماؤسٹوں کی سرگرمیوں کے انکشاف اور ریاست کے سرحدی علاقوں میں پائی جانے والی ہلچل کے بعد مرکزی حکومت کی جانب سے طلب کیا جانے والا یہ اجلاس انتہائی اہمیت کا حامل ہوچکا ہے اور اس اجلاس کے دوران توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے ریاست تلنگانہ کے لئے کوئی خصوصی فیصلہ کیا جائے گا۔