بیجنگ :چین کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں ایک ماہ کے دوران کورونا سے تقریباً 60 ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔چین کے بیورو آف میڈیکل ایسوسی ایشن کے سربراہ جیاویا ہوئی کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا چین میں کورونا میں مبتلا افراد کے اسپتال میں داخلے کی تعدادکم ہو گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ چین میں کورونا میں مبتلا شدید بیمار افراد میں اکثریت بزرگوں کی ہے، ملک میں 8 دسمبر 2022 سے 12 جنوری 2023 کے دوران کورونا سے 59 ہزار 938 اموات ہوئیں۔چینی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا کے خطرے کی زد پر موجود افراد کے لیے مانیٹرنگ اور مینجمنٹ کو مضبوط کریں گے، دیہی علاقوں میں ادویات، طبی آلات اور عملہ کی تعداد بڑھائیں گے۔چینی حکام کے مطابق کورونا اموات کا اندازہ لگانے کا چین کا معیار دیگر بڑے ممالک کے معیار کے مطابق ہے۔چین میں کورونا وائرس کے کیسس میں دوبارہ اضافہ کے بعد دنیا کے کئی ممالک نے کووڈ۔19سے بچاؤ کیلئے اقدامات شروع کردئے اور چین سے آنے والے مسافروں پر پابندی بھی لگادی۔