بیجنگ : چین نے ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے کے منصوبے کی منظوری دے دی۔ خبر رساں اداروں کے مطابق چین کے اعلیٰ قانون ساز ادارے نے ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے کی تجویز کو منظور کرلیا ہے۔ چین میں ریٹائرمنٹ کی عمر اس وقت عالمی سطح پر سب سے کم ہے اور ملک میں سکڑتی ہوئی افرادی قوت کی وجہ سے معاشی دباؤ بڑھ رہا ہے جس کے باعث دہائیوں پرانے قوانین میں ترامیم تیز کی جا رہی ہیں۔ چین میں اصلاحات کی فوری ضرورت اس لیے بھی پڑ رہی ہے کہ وہاں اوسط عمر بڑھ رہی ہے۔ 1960 ء میں چین میں اوسط عمر 44 سال تھی جو 2021 ء تک بڑھ کر 78 سال ہو گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ 2050 تک یہ عمر 80 سال سے تجاوز کر جائے گی۔ نئی ترامیم کی منظوری کے بعد مردوں کے لیے ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سے بڑھ کر 63 سال ہو جائے گی۔