ڈاؤس کے کامیاب دورہ سے واپسی پر ریونت ریڈی کا شاندار استقبال

   

ایرپورٹ پر سینکڑوں کارکنوں کا جوش و خروش، ارکان اسمبلی اور سینئر قائدین نے بھاری سرمایہ کاری پر مبارکباد پیش کی
حیدرآباد ۔24۔جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کے کامیاب دورہ ڈاؤس سے واپسی پر کانگریس قائدین اور کارکنوں کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی سنگا پور اور ڈاؤس کے 9 روزہ دورہ کے بعد آج صبح حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچے۔ دبئی میں مختصر توقف کے بعد چیف منسٹر رائیزنگ تلنگانہ وفد کے ساتھ حیدرآباد واپس ہوئے۔ چیف منسٹر کے استقبال کے لئے صبح سے ہی سینکڑوں کی تعداد میں کانگریس کارکن ایرپورٹ پہنچ چکے تھے اور چیف منسٹر کی تصویر پر مشتمل پرچم اور بیانرس کے ساتھ چیف منسٹر کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔ ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں ریونت ریڈی نے تلنگانہ میں 178950 کروڑ کی سرمایہ کاری کے حصول میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ملک کی دیگر ریاستوں کے مقابلہ تلنگانہ کا مظاہرہ ڈاؤس میں غیر معمولی رہا اور ایک سال میں 1.78 لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری کے حق میں معاہدات طئے کرنا کسی کارنامہ سے کم نہیں ہے۔ ریونت ریڈی کی صلاحیتوں کی ہر سطح پر ستائش کی جارہی ہے کیونکہ محض دو برسوں میں تلنگانہ کیلئے 219182 کروڑ کی سرمایہ کاری کے معاہدات کئے گئے۔ گزشتہ ڈاؤس کانفرنس میں ریونت ریڈی نے 40232 کروڑ کے معاہدات پر دستخط کئے تھے۔ اس مرتبہ ریونت ریڈی ایک لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری کے نشانہ کے ساتھ ڈاؤس پہنچے تھے لیکن نشانہ سے کہیں زیادہ عالمی اداروں سے معاہدات طئے پائے ہیں۔ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی میں چیف منسٹر کی کامیابی کو لے کر کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچتے ہی سارا علاقہ ریونت ریڈی زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔ ارکان اسمبلی ڈی ناگیندر ، رام موہن ریڈی ، مال ریڈی رنگا ریڈی ، رکن پارلیمنٹ سی ایچ کرن کمار ریڈی اور مختلف کارپوریشنوں کے صدورنشین نے چیف منسٹر کا استقبال کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی۔ قائدین کے استقبال اور ان سے ملاقات کے بعد ریونت ریڈی ایرپورٹ سے باہر آئے اور پارٹی کارکنوں سے فرداً فرداً ملاقات کرتے ہوئے ان کی جانب سے پیش کردہ گلدستے اور شال قبول کیا۔ ایرپورٹ سے روانگی سے قبل چیف منسٹر نے اپنی گاڑی پر ٹھہرکر کارکنوں کے استقبال کا ہاتھ ہلاکر جواب دیا۔ حالیہ عرصہ میں یہ پہلا موقع ہے جب کانگریس قائدین اور کارکنوں کی جانب سے ایرپورٹ پر چیف منسٹر کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایرپورٹ کے وی آئی پی لاونچ میں چیف منسٹر نے پارٹی قائدین کو ڈاؤس میں عالمی اداروں کے نمائندوں سے ملاقات سے واقف کرایا اور کہا کہ تلنگانہ کی تیز رفتار ترقی اور حکومت کی صنعتی پالیسی سے متاثر ہوکر بین الاقوامی اداروں نے ریاست میں سرمایہ کاری سے اتفاق کیا ہے۔ 20 کمپنیوں سے کئے گئے معاہدات کے تحت ریاست میں 49550 روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ چیف منسٹر کے ہمراہ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو ، پرنسپل سکریٹری آئی ٹی جیش رنجن اور دیگر عہدیدار بھی حیدرآباد واپس ہوئے۔1