ڈومینک مارٹن نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کی، پولیس کے روبروخودسپرد

   

تھرواننتاپورم: کیرالا کے کالامسری میں جمرا انٹرنیشنل کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سنٹر میں ہوئے بم دھماکوں کے بعد ہونے والی ایک اہم پیشرفت دوران ایک شخص نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن پہنچ کر پولیس کے سامنے خودسپردگی اختیار کرلی۔ اے ڈی جی پی (لا اینڈ آرڈر) ایم آر اجیت کمار نے بتایا کہ تھریسور رورل کے کوڈاکارا پولیس اسٹیشن میں ایک شخص نے خودسپردگی کی ہے، جس نے دعویٰ کیا ہے کہ دھماکے اسی نے کروائے تھے۔دھماکے کو انجام دینے کے لیے ٹفن باکس میں دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کا استعمال کیا گیا تھا۔رپورٹ کے مطابق سرینڈر کرنے والا شخص کوچی سے تعلق رکھتا ہے اور اس کا نام ڈومینک مارٹن ہے۔ ملزم نے دعویٰ کیا ہے کہ بم اس نے نصب کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور 40 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے سات کی حالت تشویشناک ہے۔ کیرالا کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے پیر کو ریاست کے دارالحکومت ترواننت پورم میں دھماکے پر تبادلہ خیال کے لیے ایک آل پارٹی میٹنگ بلائی ہے۔