ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے پیپلز پلازہ پر سہ روزہ پاور ایگزیبیشن 2026 کا افتتاح کیا

   

اسمارٹ میٹرنگ اور EV چارجنگ کی لائیو نمائش، برقی کی بچت اور حفاظت سے متعلق عوام میں شعور بیداری پروگرام
حیدرآباد۔ 22 اگست (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کے نیکلس روڈ پر واقع پیپلز پلازہ میں پاور ایگزیبیشن 2026 کا آغاز ہوگیا ہے۔ تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر برقی بھٹی وکرامارکا نے اس سہ روزہ نمائش کا افتتاح کیا۔ اس نمائش کا بنیادی مقصد عوام اور متعلقہ شعبہ جات کو برقی کی پیداوار، تقسیم اور استعمال کے نظام میں آنے والی جدید تکنیکی انقلابی تبدیلیوں سے روشناس کرنا ہے۔ یہ تین روزہ نمائش برقی کے شعبہ میں ابھرتی ہوئی جدید ترین ٹکنالوجیز کا ایک جامع پلیٹ فارم ہے جہاں وہ عوام کو مستقبل کے توانائی نظام سے آگاہ کیا جارہا ہے۔ پاور سیکٹر میں استعمال ہونے والے جدید ترین آلات، اسمارٹ گرڈ سسٹمس اور انفرااسٹرکچر کو عوام کے سامنے پیش کیا گیا ہے۔ ایگزیبیشن میں اسمارٹ میٹرنگ اور الیکٹریکل وہیکل چاجنگ سسٹمس کے ماڈلس بھی رکھے گئے ہیں تاکہ عوام کو الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ اور اسمارٹ پاور استعمال کرنے کے معاملہ میں عملی معلومات حاصل ہوسکیں۔ شمسی توانائی اور دیگر متبادل توانائی کے ذرائع پر خصوصی اسٹالس لگائے گئے ہیں۔ گھروں میں تجارتی اداروں میں بجلی کے حادثات سے بچاؤ اور حفاظتی تدابیر سے متعلق بیداری مہم کے اسٹالس بھی اس نمائش کا حصہ ہیں۔ افتتاح کے بعد ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ برقی بڑھتی ہوئی طلب اور مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے جدید تکنیک کا اپنایا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس نمائش کے ذریعہ عوام کو براہ راست یہ سمجھنے کا موقع مل رہا ہے کہ برقی کس طرح پیدا ہوتی ہے۔ اس کی شفاف تقسیم کیسے ممکن بنائی جارہی ہے اور کس طرح تکنیکی اختراعات کے ذریعہ برقی کی بچت اور تحفظ ممکن ہے۔ 2؍F