نئی دہلی 15 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی ملک کی معیشت کو جو فی الوقت 2.7 کھرب ڈالرس سے بڑھاکر آئندہ 5 برسوں میں 5 کھرب ڈالرس مالیتی کرنے کے خواہاں ہیں اور اس کے لئے اُنھوں نے ایک نقشہ راہ یا روڈ میاپ بھی تیار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ نریندر مودی یہ بھی چاہتے ہیں کہ ملک میں نقد لین دین کا چلن ختم ہو اور ڈیجیٹل لین دین کا چلن شروع ہو۔ اس معاملہ میں اُنھوں نے متعدد مرتبہ اپنی خواہش کا اظہار بھی کیا۔ یوم آزادی تقریب سے خطاب میں مودی نے اب ہندوستانی قوم کو ڈیجیٹل ادائیگی کو ہاں اور بلا نقدی لین دین کو ’’نا‘‘ جیسا نعرہ دیا ہے۔ اس طرح وہ مذکورہ نعرہ کے ذریعہ ہندوستان میں غیر رقمی معیشت کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ اپنے خطاب میں نریندر مودی کا کہنا تھا ’’ہمیں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔ آج بھی جب ہم گاؤں اور دیہاتوں کو جاتے ہیں تو دوکانات پر ایسے بورڈس آویزاں دیکھتے ہیں جن پر ’’آج نقد کل اُدھار‘‘ لکھا ہوتا ہے۔ ایسے میں میں اپنے ہم وطنوں سے کہنا چاہتا ہوں اس قسم کے بورڈس اور نعرہ کے بجائے ’’ڈیجیٹل ادائیگی کو ہاں رقمی ادائیگی کو نا‘‘ کا نعرہ دوکانات کے باہر لکھا ہونا چاہئے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ملک بھر میں ڈیجیٹل پے منٹ کے استعمال پر زور دیا۔