ڈیپ فیک ڈیٹا: پریتی زنٹا کو عدالتی محاذ میں کامیابی

   

ممبئی ، 21 جون (ایجنسیز) بالی ووڈ اداکارہ اور کاروباری شخصیت پریتی زنٹا کو مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ڈیپ فیک مواد کے خلاف بڑی قانونی پیش رفت حاصل ہوگئی ہے۔ ممبئی ہائیکورٹ نے انہیں گوگل، میٹا، ایکس سمیت دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ جسٹس ابھے آہوجا نے پریتی زنٹا کی درخواست پر حکم جاری کرتے ہوئے انہیں عدالت سے رجوع کرنے کی اجازت دی، جس کے بعد اداکارہ اے آئی سے تیار کردہ ویڈیوز، تبدیل شدہ تصاویر، میمز، اے آئی چیاٹ بوٹ شخصیات اور دیگر آن لائن مواد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر سکیں گی۔ پریتی کا موقف ہے کہ ان کی اجازت کے بغیر تیار کیا جانے والا یہ ڈیجیٹل مواد اُن کے شخصیت کے حقوق، کاپی رائٹ اور اخلاقی حقوق کی خلاف ورزی ہے، جبکہ اس سے ان کی ساکھ اور عوامی تشخص کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ اداکارہ کے وکیل روہن کدم نے عدالت میں بیان کیا کہ مختلف ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر مبینہ طور پر ایسا مواد تخلیق، اپ لوڈ اور پھیلایا گیا جس میں مصنوعی ذہانت کے ذریعے پریتی زنٹا کی شناخت اور شخصیت کو استعمال کیا گیا۔