کالیشورم پراجکٹ پر ہائی کورٹ کا فیصلہ ، حکومت کے منھ پر طمانچہ : کے ٹی آر

   

پی سی گھوش کمیشن کی رپورٹ دراصل پی سی سی کی رپورٹ آج حقائق بے نقاب
حیدرآباد ۔ 22 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کالیشورم پراجکٹ پرجسٹس پی سی گھوش کمیشن کے حوالے سے تلنگانہ ہائی کورٹ کے حالیہ فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس فیصلے کو کانگریس حکومت کی سیاسی انتقام کی سیاست پر ایک زور دار طمانچہ قرار دیا ہے ۔ کے ٹی آر نے ہائی کورٹ کے فیصلے پر سوشیل میڈیا میں ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے نے یہ ثابت کردیا ہے کہ عدالتیں دستور اور قانون کے خلاف کسی بھی قسم کی من مانی برداشت نہیں کریں گے ۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ جس رپورٹ کو حکومت ’ پی سی گھوش کمیشن ‘ کی رپورٹ قرار دے رہی تھی وہ دراصل ’ پی سی سی ‘ ( کانگریس ) کی تیار کردہ رپورٹ تھی اور عدالت نے آج اس کی حقیقت پر مہر لگادی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت نے سیاسی فائدے کے لیے سرکاری اداروں کا غلط استعمال کیا جسے عدالت نے بے نقاب کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کالیشورم جیسے اہم پراجکٹس کو ڈھائی سال تک تعطل کا شکار بناتے ہوئے ریاست کے زرعی شعبہ کو شدید نقصان پہونچایا ہے جس کے لیے چیف منسٹر ریونت ریڈی ریاست کے کسانوں سے معذرت خواہی کریں ۔ اور ساتھ ہی حکومت کو مشورہ دیا کہ بغیر کسی تاخیر کے متعصبانہ سیاست چھوڑ کر کالیشورم پراجکٹ کی فوری مرمت اور کسانوں کو پانی کی فراہمی پر توجہ مرکوز کریں۔ یاد رہے کہ ہائی کورٹ نے واضح کیا ہے کہ کمیشن کی موجودہ رپورٹ کی بنیاد پر فی الحال کوئی کارروائی نہ کی جائے ۔ جسے پی آر ایس اپنی بڑی اخلاقی اور قانونی جیت قرار دے رہی ہے ۔۔ 2/m/b