کاماریڈی۔ 31 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کاماریڈی میں مسلسل جاری شدید بارش کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہنگامی اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ ضلع کلکٹر آشیش سنگھوان اور ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایم راجیش چندرا نے مختلف متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو فوری حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ضلع کلکٹر آشیش سنگھوان نے کاماریڈی شہر کے ریلوے اسٹیشن روڈ، سرکاری اسپتال، کاماریڈی تالاب جی آر کالونی اور دیگر علاقوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ریلوے اسٹیشن کے قریب اہم روڈ پر کئی روز سے جمع بارش کے پانی کی فوری نکاسی اور آئندہ اس مسئلہ کے مستقل حل کے لیے منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی۔ سرکاری اسپتال کے دورے کے دوران اسپتال کے احاطے میں بارش سے متاثرہ سڑکوں کی مرمت کے تخمینے فوری تیار کرکے کام شروع کرنے کا حکم دیا۔بعد ازاں کلکٹر نے۔ میونسپل چیئرپرسن اُمارانی سرینواسکاماریڈی تالاب کا معائنہ کیا، جہاں پانی اوور فلو ہو رہا ہے۔ جی آر کالونی کے دورے کے دوران انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مکمل احتیاط برتیں اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کریں۔کلکٹر آشیش سنگھوان نے کہا کہ عوام کی جانوں کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ تمام محکمے باہمی تعاون سے کام کرتے ہوئے بارش سے پیدا ہونے والی مشکلات کا فوری ازالہ کریں۔ ضلع ایس پی ایم راجیش چندرا، نے ماچاریڈی پولیس اسٹیشن حدود میں واقع پالوانچہ واگو کا معائنہ کیا اور پانی کے بہاؤ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پولیس حکام کو ہدایت دی کہ خطرناک مقامات پر بیریکیڈنگ کرکے عوام کی نقل و حرکت محدود کی جائے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جائے۔ایس پی نے عوام سے اپیل کی کہ سیلابی پانی، ندی نالوں اور نشیبی علاقوں کی طرف ہرگز نہ جائیں، سیلفی، ویڈیو یا ریل بنانے کے لیے اپنی جان خطرے میں نہ ڈالیں اور والدین اپنے بچوں کو پانی کے بہاؤ والے علاقوں سے دور رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا حادثے کی اطلاع فوری طور پر 100 پر دی جائے تاکہ بروقت امدادی کارروائی کی جا سکے۔