16 سے 18 اپریل تک خصوصی اجلاس میں حاضر رہنے کی ہدایت
نئی دہلی ۔ 13؍اپریل ( ایجنسیز )کانگریس نے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کیلئے اپنے اراکین پارلیمنٹ کو 3 سطر کا وہپ جاری کیا ہے۔ پارٹی نے انہیں 16 سے 18 اپریل تک ایوان میں موجود رہنے کو کہا ہے۔ کانگریس پارٹی نے اپنے لوک سبھا اراکین کیلئے یہ وہپ اس وقت جاری کیا ہے جب حکومت پارلیمانی بجٹ سیشن کے تحت ہو رہی اس سہ روزہ میٹنگ کے دوران خواتین ریزرویشن ایکٹ کو نافذ کرنے سے متعلق ترمیم اور حد بندی سے متعلق بل لانے کی تیاری میں ہے۔کانگریس نے اپنے اراکین سے کہا ہے کہ وہ تینوں روز ایوان کی کارروائی شروع ہونے سے لیکر ملتوی ہونے تک موجود رہیں۔ لوک سبھا میں اہم اپوزیشن پارٹی کا الزام ہے وزیر اعظم نریند مودی اور ان کی حکومت مغربی بنگال اور ٹاملناڈو کے اسمبلی انتخابات میں فائدہ حاصل کرنے کے مقصد سے یہ قدم اٹھا رہی ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے 16 سے 18 اپریل تک 3 روز کا خصوصی اجلاس بلایا ہے۔ اس دوران خواتین ریزرویشن ایکٹ میں مجوزہ ترامیم پر غور و خوض کرنے اور انہیں منظور کرنے کیلئے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔