مریضوں سے ملاقات کی۔ کمسن مریض کو حوصلہ دیا اور ڈاکٹرس سے تبادلہ خیال
حیدرآباد 20 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری فیروز خان نے آج مہدی نواز جنگ کینسر ہاسپٹل کا دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر انھوں نے ہاسپٹل کے سپرنٹنڈنٹ سے ملاقات کرتے ہوئے مختلف مسائل کا جائزہ لیا اور ہاسپٹل میں مریضوں کو دستیاب بنیادی سہولتوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس کے علاوہ مختلف وارڈس کا دورہ کرتے ہوئے مریضوں سے ملاقات کی اور ہاسپٹل میں انھیں حاصل ہونے والی سہولتوں کے بارے میں بھی واقفیت حاصل کی۔ مریضوں نے انھیں سہولتوں کے ساتھ مسائل سے بھی واقف کرایا۔ اپنے دورے کے موقع پر فیروز خان نے ایک کمسن مریض سے بھی ملاقات کی اور اس کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے جلد از جلد صحتیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کے والدین کو یقین دلایا کہ ان کا بچہ جلد از جلد ٹھیک ہوجائے گا۔ ڈاکٹرس کو بھی مشورہ دیا کہ وہ مریضوں کا بہتر سے بہتر علاج کریں اور ہاسپٹل کے لئے جو بھی ضرورتیں ہیں اس کی اطلاع دیں، وہ ریاستی وزیر صحت دامودھر راج نرسمہا اور چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے ضروری اشیاء کی فراہمی اور مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کو یقینی بنائیں گے۔ بعدازاں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے فیروز خان نے کہاکہ ریاست میں کانگریس کی عوامی حکومت قائم ہوئی ہے۔ عوام کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کے معاملہ میں کانگریس حکومت اوّلین ترجیح دے رہی ہے۔ وہ آج مہدی نواز جنگ کینسر ہاسپٹل کا تفصیلی معائنہ کرچکے ہیں۔ 2