کانگریس قائدین کیخلاف فرضی مقدمات کی مذمت : اتم کمار ریڈی

   

حضورآباد جیل پہونچ کر منڈل پرجا پریشد رکن نریندر ریڈی سے ملاقات
حیدرآباد 25 اکٹوبر (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے برسر اقتدار پارٹی کی ایماء پر کانگریس قائدین کے خلاف فرضی مقدمات کے ذریعہ ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا۔ اتم کمار ریڈی اور سابق رکن اسمبلی پدماوتی ریڈی نے حضورآباد جیل پہونچ کر منڈل پرجا پریشد رکن نریندر ریڈی سے ملاقات کی۔ نریندر ریڈی کو اراضی تنازعہ کے ایک فرضی معاملے میں گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی ملیا یادو کی ایماء پر کوداڑ پولیس نے فرضی مقدمہ درج کیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے نریندر ریڈی کو یقین دلایا کہ اُن کی فی الفور ضمانت پر رہائی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی اِس گھڑی میں اُن کے اور افراد خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ نلگنڈہ ضلع میں کانگریس قائدین اور خاص طور پر مجالس مقامی کے نمائندوں کو فرضی مقدمات کے ذریعہ ہراساں کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس قائدین اور کارکن فرضی مقدمات سے خوفزدہ نہیں ہوں گے بلکہ عوامی مسائل کی یکسوئی کے لئے اپنی جدوجہد کو مزید تیز کردیں گے۔ اُنھوں نے پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ متحد رہیں اور ٹی آر ایس کے مظالم کے خلاف عوام سے رجوع ہوں۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ ریاست بھر میں اپوزیشن کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے تاکہ مخالف حکومت آوازوں کو دبایا جاسکے۔ اُنھوں نے کہاکہ گزشتہ 7 برسوں کی ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے عوام مایوس ہیں اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں وہ ٹی آر ایس کو سبق سکھائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ ضلع میں جہاں کہیں کانگریس کارکنوں کے خلاف فرضی مقدمات درج کئے گئے اُن کے حق میں پارٹی قانونی لڑائی لڑے گی۔ ر