کانگریس مقننہ پارٹی کا اجلاس‘ ابھیشیک منو سنگھوی کی امیدواری کی تائید

   

چیف منسٹر ‘ وزراء ‘ ارکان اسمبلی و کونسل کی شرکت ۔ دیپا داس منشی نے تعارف کرایا
حیدرآباد/18 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس آج حیدرآباد کے فائیو اسٹار ہوٹل میں منعقد ہوا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا، ریاستی وزراء، ارکان اسمبلی، ارکان قانون ساز کونسل نے شرکت کی۔ اجلاس میں تلنگانہ کی راجیہ سبھا نشست کے ضمنی چناؤ میں کانگریس امیدوار ابھیشک منوسنگھوی کا تعارف کرایا گیا۔ ہائی کمان نے راجیہ سبھا کی واحد نشست کے ضمنی چناؤ میں اے آئی سی سی ترجمان اور نامور قانون داں ابھیشک منوسنگھوی کو امیدوار بنایا ہے۔ امیدواری پر پارٹی کے بعض گوشوں میں بے چینی کو دیکھتے ہوئے لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس طلب کیا گیا۔ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی نے ابھیشک منوسنگھوی کا ارکان سے تعارف کرایا اور کہا کہ پارلیمنٹ میں تلنگانہ کی نمائندگی ابھیشک سنگھوی کیلئے کسی اعزاز سے کم نہیں ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ابھیشک منوسنگھوی کی خدمات کا ذکر کیا اور کہا کہ قومی سطح پر کانگریس کیلئے ابھیشک منوسنگھوی نے غیر معمولی خدمات انجام دی ہیں۔ وزراء اور ارکان نے ہائی کمان کے فیصلہ کی تائید کی۔ ابھیشک منوسنگھوی نے متفقہ طور پر امیدواری کے اعلان پر چیف منسٹر، وزراء اور ارکان اسمبلی سے اظہار تشکر کیا۔ توقع ہے کہ ابھیشک منوسنگھوی 20 اگسٹ کو راجیہ سبھا نشست کے ضمنی چناؤ میں کانگریس امیدوار کے طور پر پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔ سی ایل پی اجلاس میں متفقہ طور پر قرارداد منظور کرتے ہوئے ابھیشک منوسنگھوی کو امیدوار بنائے جانے پر ہائی کمان سے اظہار تشکرکیا گیا۔1