ٹی آر ایس کو عوام کا آشیرواد
تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات ملک میں سرفہرست ، بھیمگل میں مختلف ترقیاتی پروگرام سے کویتا و دیگر کا خطاب
نظام آباد : قانون ساز کونسل کی رکن کے کویتا آج ضلع نظام آباد کے بالکنڈہ حلقہ اسمبلی کے بھیمگل میں مختلف ترقیاتی کاموں کے افتتاح ، سنگ بنیاد کی تقریب اور ریاستی وزیر پرشانت ریڈی کے ہمراہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ اس موقع پر کے کویتا نے 30 کروڑ روپئے سے مختلف ترقیاتی کاموں کا آج سنگ بنیاد اور افتتاح کیا ۔ اس موقع پر منعقدہ جلسہ سے مخاطب کرتے ہوئے بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے قائدین جھوٹی باتوں سے عوام کو گمراہ کررہے ہیں اور سیاسی اغراض کیلئے ترقیاتی کاموں کو نظر انداز کررہے ہیں ۔ جبکہ ٹی آرایس کی حکومت عوام کی فلاح وبہبودی کو اپنا نصب العین بناتے ہوئے کسی نہ کسی طریقے سے کاموں کو انجام دے رہی ہیں ۔ ملک گیر سطح پر تلنگانہ ترقیاتی ریاستوں میں سرفہرست ہے چیف منسٹر چندر شیکھر رائو تحریک کے دور سے لیکر آج تک بھی عوام کے ساتھ رہتے ہوئے فلاحی اسکیمات کے ذریعہ ترقیاتی کام انجام دے رہے ہیںاور تلنگانہ کو ملک گیر سطح پر سرفہرست لانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھ رہے ہیں لیکن چند بی جے پی قائدین اپنے سیاسی اغراض کی تکمیل کیلئے حکومت کو نشانہ بنارہے ہیں اور عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے ۔ لیکن عوام بی جے پی کے قائدین کو اچھی طرح سمجھ چکی ہے اور عوام کا آشیرواد ٹی آرایس کے ساتھ ہے جس کی وجہ سے اب تک دو مرتبہ ٹی آرایس کو اقتدار حوالے کیا ہے ۔ پرشانت ریڈی کی قیادت میں بالکنڈہ حلقہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور 100 بستروں والا دواخانہ تعمیر کرنے کی کوشش جاری ہے ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر پرشانت ریڈی نے اپنی تقریر میں کہا کہ کانگریس ، بی جے پی جن ریاستوں میں اقتدار پر ہے ان ریاستوں میں ترقیاتی کاموں کو نظر انداز کیا جارہا ہے اور سب سے زیادہ ترقی تلنگانہ میں انجام دی جارہی ہے بھیمگل کو گرام پنچایت سے میونسپلٹی میں تبدیل کرنے پر انہوں نے چیف منسٹر چندر شیکھر رائو ، کے ٹی آر، کے کویتا سے اظہار تشکر کیا ۔ بھیمگل میونسپلٹی کیلئے 25 کروڑ روپئے منظور کروانے پر کے کویتا سے اظہار تشکر کیا ۔ کے کویتا بھیمگل پہنچنے سے قبل ویلپور پہنچنے پر مسٹر پرشانت ریڈی نے بڑے پیمانے پر ان کا خیر مقدم کیا۔ ان کی تہنیت پیش کی ۔ کے کویتا پرشانت ریڈی کے ہمراہ بائی پاس روڈ پر ایل ای ڈی لائیٹس ، تحصیل آفس کے علاقہ میں انٹیگریٹیڈ مارکٹ اور بھیمگل سڑک کو فور لائین میں تبدیل کیلئے توسیع کے کاموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا ۔ اس موقع پر کے کویتا کے ہاتھوں بھیمگل مہیلا سنگم کو 6 کروڑ روپئے کے چیکس کی بھی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ اس موقع پر وزیر عمارت و شوارع مسٹر پرشانت ریڈی کے علاوہ ریڈ کو چیرمین ایس اے علیم ، ٹی آرایس کے ریاستی سکریٹری طارق انصاری و دیگر بھی موجود تھے ۔