کانگریس پارٹی دستور ، جمہوریت اور ووٹ کی حفاظت کرے گی : ریونت ریڈی

   

دہلی میں الیکشن کمیشن کے خلاف نوجوانوں کے احتجاج پر راہول گاندھی کے ٹوئیٹ کو چیف منسٹر نے ری ٹوئیٹ کیا
حیدرآباد ۔ 10 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ملک میں جمہوری اقدار اور ووٹرس کے حقوق کے تحفظ کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی اور اپوزیشن متحد ہو کر بی جے پی کے زیر قیادت مرکزی حکومت کی جانب سے کی جانے والی نا انصافیوں کا خاتمہ کریں گے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ گزشتہ ایک دہائی میں ملک کے جمہوری اداروں کے ساتھ جو کھلواڑ کیا گیا ہے اسے اب دہرانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی کے ایک وائرل ٹوئیٹ کو ری ٹوئیٹ کرتے ہوئے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ ہر قیمت پر ملک کے عوام اور نوجوانوں کی آواز بنیں گے ۔ انہوں نے ’ آئیے ووٹ کی حفاظت کریں ۔ ملک کی حفاظت کریں ‘ کے نعرے کے ساتھ جمہوریت اور الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری کے تحفظ کے لیے عوامی جدوجہد کو تیز کردیا ۔ قبل ازیں سنٹرل الیکشن کمیشن کے رویے اور ووٹر لسٹوں کی مبینہ دھاندلیوں کے خلاف دہلی میں نوجوانوں اور طلبہ تنظیموں کے زبردست احتجاجی مظاہرے پر راہول گاندھی نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے دہلی پولیس کی جانب سے مظاہرین کو حراست میں لیے جانے اور جمہوری انداز میں منظم کیے جانے والے پرامن احتجاج کو روکنے کی کوششوں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کو چیلنج کیا اور کہا کہ ہم ملک کے نوجوانوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں اور اس عوامی جدوجہد کو کسی قیمت پر رکنے نہیں دیں گے ۔ مودی جی مظاہرین اور نوجوانوں کو روکنے کیلئے آپ پولیس کی طاقت کا بھر پور استعمال کرلیں چاہے 10 ہزار پولیس لائیں‘ 20 ہزار لائیں یا 50 ہزار پولیس کی فورس لائیں ہمارے تمام قائدین اور نوجوانوں کو گرفتار کرلیں ۔ آپ جو چاہے کرلیں ۔ ہم اپنے موقف سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے راہول گاندھی کے اس عزم کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت اخلاقی اقدار کھوچکی ہے اور قومی اداروں کا بے جا استعمال کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا ہر ووٹر اب بیدار ہوچکا ہے اور کانگریس پارٹی جمہوریت اور ووٹ کی حفاظت کیلئے ہر سطح پر لڑائی جاری رکھے گی ۔۔ 2/a/b