کانگریس پر اقلیتی سیاست کرنے کا الزام

   

گوہاٹی، 9 نومبر (آئی اے این ایس): آسام کے چیف منسٹرہیمنت بسوا سرما نے کانگریس کے خلاف اپنے سیاسی حملے تیزکرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ یہ جماعت اقلیتی ووٹوں کے سہارے اپنی سیاست چلاتی ہے اور اس کی سیاسی حکمت عملی ترقیاتی کاموں کے بجائے انتخابی مفادات اور ووٹوں کے حساب کتاب کے گرد گھومتی ہے۔ پیرکے روز ڈبروگڑھ کے علاقے لاہووال کے دورے کے دوران ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سرما نے کانگریس کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس کی بنیادی توجہ اقلیتی برادریوں کے ووٹ حاصل کرنے پر مرکوز ہے۔انہوں نے اقلیتی آبادی والے انتخابی حلقوں میں کانگریس کے ترقیاتی اقدامات پر بھی سوال اٹھائے اور الزام لگایا کہ انتخابی حمایت حاصل ہونے کے باوجود پارٹی ان علاقوں کی ضروریات پوری کرنے میں ناکام رہی ہے۔یہ بیانات آسام میں بدلتی ہوئی سیاسی صورت حال کے پس منظر میں سامنے آئے ہیں، جہاں کانگریس نے مسلم ووٹروں، بالخصوص اقلیتی اکثریت والے حلقوں میں، اپنی حمایت کو مزید مستحکم کیا ہے۔2026 کے اسمبلی انتخابات کے نتائج میں بھی یہ رجحان نمایاں طور پر سامنے آیا۔ ایک تجزیے کے مطابق، کانگریس نے 19 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، جن میں منتخب ہونے والے 18 ارکان اسمبلی مسلم برادری سے تعلق رکھتے ہیں۔دوسری جانب این ڈی اے نے ریاستی اسمبلی کی مجموعی 126 نشستوں میں سے 102 پر کامیابی حاصل کی۔