حیدرآباد ۔ 7 مئی (سیاست نیوز) ٹی آر ایس نے تلنگانہ میں کانگریس کی سرگرمیوں کو ’’نئی ٹاکیز پرانی فلم‘‘ قرار دیا۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنمنٹ وہپ بلکاسمن نے کہا کہ کانگریس پارٹی کا ورنگل ڈیکلریشن دراصل اس کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ سارے ملک کے عوام کانگریس کو ٹھکرا رہے ہیں اس لئے راہول گاندھی تلنگانہ کو پہنچ کر کسانوں کو دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں مگر تلنگانہ کے عوام اور کسان دونوں باشعور ہیں۔ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں ٹی آر ایس تلنگانہ سے کانگریس اور بی جے پی کا مکمل صفایا کردے گی۔ دونوں قومی جماعتوں کا تلنگانہ میں کوئی وجود نہیں ہے۔ اپنے وجود کو منوانے کیلئے دونوں جماعتیں سازشیں کررہی ہیں مگر وہ کبھی اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوں گی۔ تلنگانہ کی تحریک ٹی آر ایس نے چلائی۔ قربانیوں کے ذریعہ علحدہ تلنگانہ ریاست حاصل کیا۔ تلنگانہ تحریک کے دوران مجاہدین کے خلاف کانگریس حکومت نے جھوٹے مقدمات درج کئے۔ شہر بدر کیا۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کا صدر اے ریونت ریڈی مخالف تلنگانہ چندرا بابو نائیڈو کا ایجنٹ ہے۔ راہول گاندھی کے ساتھ سہ نشین پر موجود کانگریس قائدین کوئی بھی تلنگانہ تحریک کا حصہ نہیں رہے۔ بدعنوانیوں کا دوسرا نام کانگریس ہونے کا دعویٰ کیا۔ن