ثابت نہ کرسکا تو سیاست چھوڑ دوں گا، باہوبلی کے بھلال دیو اور ہٹلر سے چیف منسٹر کی تشبیہ
حیدرآباد۔ یکم؍ جولائی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے ریونت ریڈی کو ناکام چیف منسٹر قرار دیتے ہوئے ریاست دیوالیہ ہونے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے بی آر ایس اور کانگریس کے دور حکومت پر کھلے عام مباحث کا چیالنج کیا۔ وقت مقام اور تاریخ کا تعین کرلینے کا چیف منسٹر کو مشورہ دیا۔ کانگریس کی ناکامیوں کو ثابت نہ کرسکا تو اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دے کر سیاسی زندگی سے دستبردار ہو جانے کا بھی کے ٹی آر نے اعلان کیا۔ آج تلنگانہ بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے اس بیان پر شدید برہمی کا اظہار کیا جس میں انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست دیوالیہ ہوچکی ہے۔ کے ٹی آر نے اس پر پلٹ وار کرتے ہوئے کہا کہ ریونت ریڈی ذہنی پسماندگی کا شکار ہیں۔ دنیا کا کوئی بھی دیوالیہ شخص اپنے گلے میں دیوالیہ ہونے کا بورڈ لٹکا کر نہیں گھومتا لیکن ریونت ریڈی واحد چیف منسٹر ہیں جو دن رات اپنی ہی ریاست کے خلاف زہر اگلنے اور اسے بدنام کرنے میںمصروف ہیں۔ کے ٹی آر نے ریونت ریڈی کو چیالنج کیا کہ وہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی ناکامی، کسانوں کی بدحالی، زرعی بحران اور حکومت کی نااہلی پر ریاست میں کہیں بھی کسی بھی وقت کھلے عام مباحث کے لئے تیار ہیں، جگہ اور وقت خود چیف منسٹر طے کریں۔ اگر میں کانگریس حکومت کی ناکامیوں کو ثابت کرنے میں ناکام رہا تو میں موقع پر ہی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دوں گا اور ہمیشہ کے لئے سیاست چھوڑ دوں گا۔ کے ٹی آر نے ریونت ریڈی کی آمرانہ طرز حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کا بچہ بچہ کانگریس کی حکمرانی سے شدید ناراض ہے۔ آنے والے دنوں میں ریونت ریڈی کا تلنگانہ کی سیاست میں وہی حشر ہوگا جو فلم ’’باہوبلی‘‘ میں ظالم راجہ بھلال دیو کا ہوا تھا۔ عوام انہیں ہٹلر کی طرح سیاسی زندگی کا عبرت ناک انجام دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی ایک طرف واویلا مچاتے ہیں کہ خزانہ خالی ہے اور دوسری طرف وہ اپنی خواہش اور عیاشی کے لئے 200 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک شاندار محل (بنگلہ) تعمیر کررہے ہیں۔ یہی نہیں وہ آدھی رات کو چھپ چھپ کر خفیہ پوجا پاٹھ کرتے ہیں۔ اگر انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا ہے اور ان کا ضمیر صاف ہے تو وہ عوام کو بتایئے کہ آدھی رات کو یہ خفیہ پوجا کیوں کرتے ہیں۔ 2؍F