نئی دہلی : ہندوستان نے ای ڈی کے ذریعہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی گرفتاری کے بعد جرمنی کی جانب سے سرکاری بیان جاری کرنے پر سخت اعتراضکیا ہے۔ وزارت خارجہ نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی گرفتاری پر جرمن وزارت خارجہ کے تبصروں پر اپنا احتجاج درج کرانے کے لیے ہفتہ کو جرمن سفارت خانے کے ایک سینئر سفارت کار کو طلب کیا اور کہا کہ ملک نے اس معاملے کا نوٹس لیا ہے۔ ہندوستان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ہندوستان قانون کی حکمرانی والی ایک زندہ اور مضبوط جمہوریت ہے۔ جیسا کہ ملک میں اور جمہوری دنیا میں دیگر جگہوں پر تمام قانونی معاملات میں ہوتا ہے اسی طرح قانون فورا ہر معاملہ میں اپنا کام کرے گا۔ اس سلسلے میں جو متعصبانہ اندازے لگائے گئے ہیں وہ انتہائی غیر منصفانہ ہیں۔ کجریوال کی گرفتاری کے بعد ان کی اہلیہ سنیتا کجریوال نے کہا کہ تین بار منتخب وزیر اعلیٰ کو اقتدار کے گھمنڈ کی وجہ سے گرفتار کروایا گیا ہے۔
سنیتا کیجریوال نے جمعہ کی شام دہلی کے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ‘آپ کے تین بار منتخب وزیر اعلیٰ کو طاقت کے گھمنڈ کی وجہ سے گرفتار کر وایا گیا۔ وہ سب کو کچلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ دہلی کے لوگوں کے ساتھ دھوکہ ہے۔ آپ کے وزیر اعلیٰ ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑے ر ہے ہیں۔ اندر رہیں یا باہر، ان کی زندگی ملک کے لیے وقف ہے۔ عوام جناردن ہے، سب کچھ جانتے ہیں۔