کرناٹک اردو اکیڈیمی کے وفد کا تلنگانہ اردو اکیڈیمی کا دورہ

   

دونوں اکیڈیمیز کے ذمہ داران کا مختلف امور پر تبادلہ خیال ۔ اسکیمات اور پروگراموں کا جائزہ
حیدرآباد: 13 ۔ اگست ۔ ( پریس نوٹ ) جناب طاہر بن حمدان صدرنشین تلنگانہ اردو اکیڈیمی نے جناب محمد علی قاضی چیرمین کرناٹک اردو اکیڈیمی کی قیادت میں ایک (15) رکنی وفد کا خیرمقدم کیا جس نے آج تلنگانہ اردو اکیڈیمی کا دورہ کیا اور دونوں اکیڈیموں کے عہدداروں کے درمیان ایک میٹنگ منعقد ہوئی ۔ دونوں اکیڈمیوں نے اردو زبان و ادب کی ترویج و ترقی کیلئے ان کی طرف سے بنائے منصوبوں اور سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ تلنگانہ، کرناٹک، آندھرا پردیش، ٹاملناڈو، کیرالا پر مشتمل فیڈریشن آف ساؤتھ انڈین اردو اکیڈمیز کے قیام پر باہمی اتفاق کیا گیا تاکہ جنوبی ہند کے نوجوان اور باصلاحیت اردو ادیبوں اور شاعروں کو فروغ دے کر قومی سطح پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا جاسکے۔ اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ دونوں اردو اکیڈمیوں کے درمیان خیالات کا تبادلہ کرنے اور اردو زبان کی ترویج و ترقی کیلئے موجودہ اسکیموں کو مزید بہتر بنانے ایک دوسرے سے رابطہ رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔ مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدرآباد کے شعبہ ابلاغ عامہ اور صحافت کے سربراہ پروفیسر احتشام احمد خان نے جو اس میٹنگ میں اعزازی تھے، اردو صحافیوں کیلئے اورینٹیشن پروگرام کے انعقاد کیلئے تال میل بڑھانے کی پیشکش کی ۔ کرناٹک اردو اکیڈیمی کے اراکین جناب محمد اعظم شاہد، جناب محمد شاہد خاجی، ڈاکٹر انیس صدیقی، جناب سید عابد اسلم، محترمہ سیدہ اختر خانم، جناب عبدالعظیم تنویر، جناب محمد امین الدین نواز، جناب شریف الدین موکاشی، ناطق علی پوری، ڈاکٹر معاذ الدین خان، رجسٹرار مسٹر ناگراج۔ انڈر سکریٹری ، محکمہ اقلیتی بہبود اورفینانس ممبر اور دیگر عملہ موجود تھا۔ جناب شیخ لیاقت حسین ڈائرکٹر/ سیکرٹری تلنگانہ اردو اکیڈیمی نے اردو اکیڈیمی کی اسکیموں کی تفصیلات پیش کیں ۔ مسٹر وی کرشنا، سپرنٹنڈنٹ اردو اکیڈیمی ویگر عملہ موجود تھا۔ کرناٹک اردو اکیڈیمی چیرمین اور رجسٹرار نے تلنگانہ اردو اکیڈیمی کے صدرنشین اور افسران کو کرناٹک اردو اکیڈیمی کی کارکردگی اور سرگرمیوں کا مطالعہ کرنے کرناٹک اردو اکیڈیمی کے دورہ کر نے کی دعوت دی۔