سنیل کے حیدرآباد آفس پر پولیس کارروائی کے بعد کانگریس میں ہلچل
حیدرآباد۔9۔ جنوری (سیاست نیوز) سائبر کرائم پولیس کی جانب سے کانگریس پارٹی کے سیاسی حکمت عملی کے ماہر کے سنیل کے دفتر پر دھاوے کے بعد سے کانگریس پارٹی کرناٹک اسمبلی انتخابات کے بارے میں پارٹی حکمت عملی کے افشاء کا اندیشہ ظاہر کر رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کے سنیل نے جاریہ سال ہونے والے کرناٹک اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس کی حکمت عملی تیار کی اور رپورٹ حیدرآباد کے آفس میں رکھی گئی تھی۔ سنیل تلنگانہ اور کرناٹک کے امور پر حیدرآباد آفس سے کام کر رہے تھے ۔ نومبر میں سائبر کرائم پولیس نے کانگریس وار روم پر دھاوا کرتے ہوئے کئی اہم دستاویزات اور کمپیوٹرس کو ضبط کرلیا تھا۔ کانگریس کی شکایت ہے کہ پولیس نے کرناٹک کی حکمت عملی سے متعلق ریکارڈ اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ پارٹی نے شکایت کی ہے کہ یہ خفیہ دستاویزات مخالف پارٹیوں کے حوالے ہوسکتے ہیں۔ حکمت عملی کے افشاء کی صورت میں کانگریس کو نقصان کا اندیشہ ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس پارٹی نے پولیس سے بھی اس بات کی شکایت کی ہے کہ کرناٹک کی حکمت عملی سے متعلق دستاویزات کے افشاء کو روکنے کے اقدامات کریں۔ اگر واقعی کے سنیل نے انتخابی حکمت عملی کے دستاویزات حیدرآباد کے آفس میں رکھے تھے ، تو کیا اس کی نقل پارٹی ہائی کمان کو نہیں دی گئی ۔ اس بارے میں کانگریس نے کوئی وضاحت نہیں کی ۔ ر