کرناٹک کابینہ میں ردوبدل کا مطالبہ

   

ہائی کمان سے ملنے 35 سے زیادہ ایم ایل ایز کا دورہ دہلی
بنگلورو، 12 اپریل (آئی اے این ایس) کابینہ میں ردوبدل کی قیاس آرائیوں کے درمیان، کرناٹک میں حکمراں کانگریس کے 35 سے زیادہ سینئر ایم ایل اے پارٹی ہائی کمان سے ملاقات کیلئے دہلی کے دورے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ یہ اقدام چیف منسٹر سدارامیا اور نائب وزیر اعلیٰ اور ریاستی کانگریس کے صدر ڈی کے شیوکمار کے درمیان قیادت کی کشمکش کے پس منظر میں اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ کانگریس حکومت نے اقتدار میں تین سال مکمل کر لیے ہیںاور تین سے پانچ بار منتخب ہونے والے سینئر ایم ایل اے ایک موقع کی تلاش کررہے ہیں۔ انہوں نے اے آئی سی سی کے صدر ملکارجن کھرگے اور قومی قیادت کے سامنے اپنے مطالبات رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔کانگریس کے اندرونی ذرائع نے انکشاف کیا کہ مجوزہ کابینہ میں ردوبدل سدارامیا اور شیوکمار کے درمیان ایک اور فلیش پوائنٹ بن سکتا ہے، کیونکہ دونوں نے مبینہ طور پر اپنے حامیوں کے لیے اپنی اپنی فہرستیں تیار کی ہیں۔ علاوہ ازیں پارٹی ذرائع نے بتایا کہ ہائی کمان نے الگ فہرست بھی تیار کر لی ہے۔کرناٹک میں کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد سے ہی سدارامیا اور شیوکمار کے درمیان کشمکش کا سلسلہ جاری ہے۔