شادنگر ۔25 اکتوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی (TGSPDCL) کے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر جیتیش وی پاٹل، آئی اے ایس نے زرعی بجلی کی سربراہی کے نظام کی کارکردگی پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے۔ اسی سلسلہ میں اتوار کے روز انہوں نے ادارے کے ڈائریکٹر شیواجی کے ہمراہ شادنگر، رائیکل اور رامیشورم کے علاقوں میں اچانک دورے کرتے ہوئے زمینی سطح پر معائنے کیا ۔ اس موقع پر سی ایم ڈی نے زرعی بجلی کی سربراہی کے نظام میں بجلی کے کرنٹ اور وولٹیج کی سطح کا خود جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ عہدیداروں سے ان علاقوں میں بجلی کی سربراہی کی صورتحال اور نظام کی کارکردگی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اطلاعات کے مطابق، سی ایم ڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ کسانوں کو معیاری، بلا تعطل اور مستحکم بجلی فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔ زمینی سطح پر حقیقی صورتحال کا خود جائزہ لیتے ہوئے سی ایم ڈی نے بجلی کی سربراہی میں پیش آنے والی مشکلات کی نشاندہی کرنے اور ان کے حل کے لیے ضروری اقدامات کرنے پر خصوصی توجہ دی۔ زرعی بجلی کی سربراہی میں وولٹیج کی سطح اور بجلی کے معیار پر اعلیٰ عہدیداروں کی براہِ راست نگرانی جاری رہنے کے باعث کسانوں کو بہتر برقی خدمات فراہم کرنے کیلئے اقدامات میں مزید تیزی آنے کی توقع ہے۔ اس موقع پر شادنگر محکمہ برقی کے ڈی ای شیو سندر ریڈی۔ شادنگر اے ای ونود اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔