مکہ مکرمہ،14جون (یواین آئی )عقیدت و احترام کا عظیم مظہر، 10 ماہ کی شبانہ روز محنت، مہارت اور جذبہِ ایمانی سے تیار ہونے والاکسوہ ( غلافِ کعبہ) پیر 15 جون 2026 کی شب خانہ کعبہ کی زینت بنے گا۔ مناسک حج سے قبل سعودی عرب کی جانب سے 27 اسلامی ممالک کے میڈیا نمائندوں کو اس شاہکار کی تیاری کے منفرد اور تکنیکی مراحل دکھائے گئے تھے ، جنہیں اب عملی جامہ پہنانے کا وقت آن پہنچا ہے ۔پیر کی شب ٹھیک 12 بجے شروع ہونے والی یہ تقریب عالمِ اسلام کیلئے ایک روح پرور منظر پیش کریگی۔الحرمین شریفین انتظامیہ نے ایکس پر جاری پیغام میں بتایا کہ کسوہ( غلاف) کی تبدیلی کا مرحلہ وار آغاز پیر کو نمازِ عصر کے بعد ہوگا۔ اس دوران شاذروان کے حلقوں کی تنصیب اور پردہ ہٹانے کے بعد عشاء کے بعد پرانے غلاف کی سلائیاں ادھیڑی جائیں گی، جس کے بعد نصف شب 12 بجے مرکزی تقریب میں نیا کسوہ کعبہ پر چڑھایا جائے گا۔اس عظیم الشان تقریب کی عالمی سطح پر کوریج کیلئے سعودی جنرل اتھارٹی میڈیا ریگولیشنز نے مناسک حج سے قبل 27 اسلامی ممالک کے میڈیا وفد کو کنگ عبدالعزیز کمپلیکس برائے غلافِ کعبہ کا خصوصی دورہ کروایا ۔ اس دورہ کا بنیادی مقصد دنیا کو یہ دکھانا تھا کہ کس طرح جدید ٹکنالوجی اور روایتی دستکاری کے امتزاج سے تیار ہونے والا یہ غلاف محض ایک کپڑا نہیں بلکہ اسلامی فنِ لطیفہ اور جذبہِ ایمانی کا ایک زندہ شاہکار ہے ۔