سرینگر / جموں 2 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ابتدائی رکاوٹوں کے بعد کشمیر میں جملہ 80 سرکاری دواخانوںاور نرسنگ ہومس میں براڈ بیانڈ انٹرنیٹ خدمات کو بحال کردیا گیا ہے ۔ اس اقدام کے نتیجہ میں وادی میں مریضوں اور نگہداشت صحت کے شعبہ سے تعلق رکھنے والوں کو قدرے راحت نصیب ہوسکتی ہے ۔ امراض سینہ کے دواخانہ سرینگر کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سلیم ٹاک نے توثیق کی کہ ان کے دواخانہ میں جمعرات سے انٹرنیٹ نے کام کرنا شروع کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ڈاکٹرس کے ساتھ ساتھ مریضوں کیلئے بھی ایک بڑی راحت ہے ۔ جموںو کشمیر انتظامیہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ براڈ بیانڈ ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ رابطوں کو 80 سرکاری دواخانوں بشمول ہیلت مراکز اور محکمہ صحت سے متعلق دفاتر میں بحال کردیا گیا ہے ۔عہدیداروں نے کہا کہ سال نو کے تحفہ کے طور پر 31 ڈسمبر کی نصف شب سے انٹرنیٹ خدمات بحال ہونی تھیں تاہم کچھ ٹکنیکل امور کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہوسکا تھا جنہیں آج سے بحال کردیا گیا ہے ۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ براڈ بیانڈ انٹرنیٹ خدمات کی بحالی سے دواخانوں کو راحت ملے گی اور وہ اپنے مریضوں کی نگہداشت کے ریکارڈ کو بروقت بہتر بناسکیں گے ۔ اس سے غریب مریضوں کو بھی راحت مل سکتی ہے ۔