کشمیر کے کولگام میں جوان کی پراسرار موت،رشتہ داروں کا احتجاج

   

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے بیہامہ علاقے میں جمعرات کی صبح اس وقت ہر طرف سراسیمگی پھیل گئی جب ایک 20 سالہ نوجوان اپنی دکان میں مر دہ پایا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ کولگام کے بیہامہ گائوں میں جمعرات کی صبح ایک 20 سالہ نوجوان کو اپنے دکان کے اندر لٹکا ہوا پایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس کی ایک ٹیم جائے موقع پر پہنچی اور نعش کو اپنی تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے ایمرجنسی ہسپتال قاضی گنڈ منتقل کیا۔پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔دریں اثنا یہ خبر پھیلتے ہی لوگوں خاص طور پر مرنے والے نوجوان کے احباب و اقارب نے سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ پر بونی گام کے نزدیک جمع ہو کر احتجاج کیا۔ایک احتجاجی نے میڈیا سے کہا کہ یہ لڑکا منشیات کا عادی نہیں تھا سگریٹ تک نہیں پیتا تھا اس پر نظر ثانی کرکے قاتل کو گرفتار کیا جائے ۔لڑکے کے ماما نے بتایاکہ یہ میری چھوٹی بہن کا بیٹا تھا جو اینت بٹھے میں دکانداری کرتا تھا اس کے والد کا انتقال بیس بائیس برس پہلے ہوا ہے کل شام دکان پر گیا تھا اور صبح اس کی نعش دیکھی گئی۔اس واقعہ کے بعد علاقہ میں غم وغصہ کی لہر دیکھی گئی ۔