کل ہند نواب شاہ عالم خاں یادگار مشاعرہ کامیاب انعقاد

   

میزبان اور مہمان شعراء نے خوب رنگ جمایا اور سامعین محظوظ
حیدرآباد 3 مارچ (پریس نوٹ) انوارالعلوم ایجوکیشنل اسوسی ایشن کی جانب سے گہوارہ علم و ادب انوارالعلوم کالج کے وسیع احاطہ میں ساتواں کل ہند نواب شاہ عالم خاں یادگار مشاعرہ کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ یہ مشاعرہ جوکہ علاقہ دکن میں اپنی ادبی اور ثقافتی خدمات کے لئے مشہور ہے، میزبان اور مہمان شعراء نے خوب رنگ جمایا اور سامعین کو محظوظ کرتے ہوئے داد و تحسین حاصل کی۔ احاطہ انوارالعلوم میں ایک سماع سا بن گیا تھا، ہر طرف لوگ داد و تحسین اور تالیاں بجاکر شعراء کرام کا استقبال کرتے ہوئے نظر آئے۔ انوارالعلوم کی فضاؤں میں اُردو نغمگی کا رس سامعین پر چڑھ گیا تھا۔ موتیوں کے یہ شہر حیدرآباد جسے مشاعروں کا شہر بھی مانا جاتا ہے اور شاعری ہوکہ اُردو غزل اس کی ترقی و ترویج میں مشاعروں کا ایک اہم رول رہا ہے۔ انوارالعلوم ایجوکیشنل اسوسی ایشن جو اُردو زبان کی تعلیمی ترقی اور حیدرآباد کی تہذیب سے قلبی لگاؤ رکھنے والی دکن کی تہذیبی و ادبی سرگرمیوں کی نمائندہ شخصیت مرحوم شاہ عالم خاں کی یاد میں نواب محبوب عالم خاں کی نگرانی اور سرپرستی اور ان کے روح رواں فرزند جو اردو سے لگاؤ رکھتے ہیں اردو کی ترقی کے لئے کوششیں کرتے رہتے ہیں ان کی کاوشوں سے مشاعروں کا انعقاد عمل میں آرہا ہے۔ اس یادگار مشاعرے میں شعرائے کرام پروفیسر وسیم بریلوی، عمران پرتاپ گڑھی، انجم رہبر، شبینہ ادیب، اقبال اشہر، ابرار کاشف، نواز دیوبندی، ماجد دیوبندی، سفیان قاضی، سجاد جھنجھٹ، قیصر خالد (آئی پی ایس ممبئی)، خوشبو شرما (لکھنؤ)، نظامت معین شاداب، لتا حیا، ڈاکٹر فاروق شکیل، سردار سلیم، کوکب ذکی، ظفر فاروقی، صبیحہ تبسم، سمیت ملک بھر کے نامور شعراء اس یادگار مشاعرے میں شرکت کئے۔ شعراء کرام اپنے خوبصورت اور دلکش کلام سے سامعین کو محظوظ کرتے ہوئے بہت ساری پذیرائی حاصل کی۔ انتظامیہ کی طرف سے سامعین کی سہولت کے لئے بڑے اسکرین سامعین کے بیچ لگادیئے گئے تھے۔ خطبہ استقبالیہ میں انوارالعلوم کی اردو خدمات کا تذکرہ کیا گیا۔ انوارالعلوم کالج کی جانب سے اردو کی ترقی و ترویج کے لئے جو کام کیا جارہا ہے اس کا تذکرہ کیا گیا، خاص طور پر نواب شاہ عالم خاں مرحوم کی اردو کی خدمت کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ مشاعرہ کی نگرانی نواب محبوب عالم خاں معتمد اعزازی، نواب مجاہد عالم خاں نائب معتمد اعزازی نے کی۔ شرکت کی عام اجازت تھی۔ مشاعرہ تقریباً 3 بجے رات تک جاری رہا۔ اس موقع پر اسپیکر جی پرساد، جناب عظمت اللہ حسینی چیرمین وقف بورڈ، جناب احمد عالم خاں، سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود عمر جلیل، کانگریس لیڈر انیل کمار یادو، فہیم قریشی، عامر جاوید موجود تھے۔ آخر میں نواب مجاہد عالم خان نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔