حیدرآباد، 9 نومبر (سیاست نیوز)۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے ایک سنسنی خیز فیصلہ سناتے ہوئے توہینِ عدالت کے معاملے میں کلکٹر رنگا ریڈی کو چھ ماہ قیدِ سادہ اور دو ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں پایا ہے کہ کلکٹر رنگا ریڈی سی نارائن ریڈی عدالتی احکامات پر عمل آوری نہ کرتے ہوئے توہینِ عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں۔ جسٹس کے لکشمن کی زیرِ قیادت بنچ نے کلکٹر رنگا ریڈی کو چھ ماہ قیدِ سادہ اور دو ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے سزا پر عمل آوری کو چار ہفتوں کے لیے ملتوی کرتے ہوئے کلکٹر کو فیصلے کے خلاف اپیل کی اجازت دی ہے۔واضح رہے کہ عدالت نے سابق میں کلکٹر کو احکامات جاری کیے تھے کہ رجسٹریشن قانون کی ممنوعہ فہرست میں شامل بعض پلاٹس سے متعلق درخواستوں کا ازسرِنو جائزہ لیں۔ عدالت نے کلکٹر کو فیصلہ کرنے کے لیے سات دن کی مہلت دی تھی۔ مہلت گزرنے کے باوجود کلکٹر کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی گئی، جس پر درخواست گزار نے 15 نومبر 2025 کو ہائی کورٹ میں کلکٹر کے خلاف توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی۔ 1
درخواست کے ادخال کے بعد حکام حرکت میں آئے اور انہوں نے متاثرین کو نوٹس جاری کی۔ درخواستوں کا جائزہ لیتے ہوئے 26 فروری 2026 کو کلکٹر نے درخواستوں کو مسترد کر دیا۔ کلکٹر کی جانب سے 18 جولائی کو ایک اور حکم جاری کیا گیا جس میں درخواست گزاروں کی درخواستوں کو مسترد کیا گیا۔عدالت نے اس بات پر برہمی کا اظہار کیا کہ کلکٹر نے توہینِ عدالت کی پٹیشن دائر کیے جانے کے بعد کارروائی کی ہے۔ عدالت نے کہا کہ کلکٹر نے جان بوجھ کر عدالت کی توہین کی ہے۔ کسی آئی اے ایس عہدیدار کو ہائی کورٹ کے احکامات کو نظرانداز کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ کلکٹر رنگا ریڈی اندرون چار ہفتے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کر سکتے ہیں۔1