کلیان لکشمی اور شادی مبارک اسکیمات کے 10 سال مکمل

   

گزشتہ 2 برسوں میں امدادی رقم کی اجرائی سست روی کا شکار
حیدرآباد۔ 26 اپریل (سیاست نیوز) غریب لڑکیوں کی شادی کے موقع پر حکومت کی جانب سے امداد سے متعلق شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیمات کے آغاز کو 10 سال مکمل ہوگئے۔ تاہم گزشتہ 2 برسوں کے دوران دونوں اسکیمات کی درخواستوں کی جانچ اور یکسوئی میں تاخیر کے سبب عوام میں تشویش پائی جاتی ہے۔ معاشی طور پر پسماندہ خاندانوں سے عہدیدار اور سیاسی قائدین رشوت کی مانگ کررہے ہیں جو اسکیم پر عمل آوری میں اہم رکاوٹ بن چکی ہے۔ اسکیم کا بی آر ایس دور حکومت میں 21 اپریل 2016 کو آغاز ہوا تھا جس کے تحت پسماندہ طبقات اور معاشی طور پر پسماندہ خاندانوں کی لڑکیوں کی شادی کے لئے ایک لاکھ 16 روپے کی امداد دی جارہی تھی۔ اسکیم کے ذریعہ ریاست میں کم عمر لڑکیوں کی شادی کو روکنے میں مدد ملی۔ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد اسکیم کو برقرار رکھا گیا لیکن گزشتہ ڈھائی برسوں میں درخواستوں کی یکسوئی اور منظوری کی رفتار انتہائی سست ہے۔ کئی ایسے واقعات منظر عام پر آئے ہیں جہاں شادی کی انجام دہی کے باوجود درخواستوں کی یکسوئی نہیں کی گئی۔ 2025-26 میں کلیان لکشمی اسکیم کے تحت 2179.69 کروڑ جاری کئے گئے جبکہ 2026-27 میں یہ رقم گھٹ کر 2173 کروڑ ہوگئی۔ 2024-25 میں 217247 موصولہ درخواستوں میں 61332 کی یکسوئی کی گئی۔ 2025-26 میں 62756 درخواستوں کی یکسوئی کی گئی اور دونوں برسوں میں حکومت کے نشانہ کی تکمیل نہیں ہوئی۔ اسمبلی کے حالیہ بجٹ اجلاس میں ارکان اسمبلی نے اسکیم پر عمل آوری میں تاخیر کی شکایت کرتے ہوئے کہا کہ بعض ایسے جوڑے ہیں جنہیں بچوں کی پہلی سالگرہ کے موقع پر امدادی رقم کا چیک موصول ہوا ہے۔ 1؍F