چیف منسٹر سنجیدہ، سنگل جج کے احکامات کو چیالنج کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد۔ 2 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے کمشنر حیڈرا رنگناتھ کی تبدیلی کے احکامات کے بعد حکومت نے سنگل جج کے فیصلے کو ڈیویژن بنچ پر چیالنج کرنے کی تیاریوں کو کیس کردیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی حیڈرا کی سرگرمیوں سے مطمئن ہیں اور انہوں نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد یہ کہتے ہوئے اپنا موقف واضح کردیا کہ عہدیداروں کا تقرر حکومت کا اختیار ہے جس میں کوئی بھی مداخلت نہیں کرسکتا۔ حیڈرا کمشنر کی جانب سے متواتر عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر گزشتہ دنوں ہائی کورٹ میں رنگناتھ کو ہٹاکر کسی اور عہدیدار کو کمشنر حیڈرا مقرر کرنے کی چیف سکریٹری کو ہدایت دی تھی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سنگل جج کے احکامات کو چیالنج کرنے کے لئے سینئر وکلاء پر مشتمل ٹیم تشکیل دی ہے۔ چیف منسٹر کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر اس سلسلہ میں سپریم کورٹ سے رجوع ہو کر حیڈرا کمشنر کی برقراری کو یقینی بنایا جائے گا۔ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ کے لئے سینئر وکلاء کی علیحدہ ٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر سرکاری اراضیات، جھیلوں اور تالابوں کے تحفظ کے سلسلہ میں حیڈرا کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ اراضیات پر ناجائز قابضین گمراہ کن دستاویزات کے ساتھ عدلیہ سے رجوع ہو رہے ہیں جس کے نتیجہ میں حیڈرا کے خلاف احکامات صادر کئے جارہے ہیں۔ 1؍F