کملا ہیرس امریکی امیدوار اور سابق صدر ٹرمپ فراڈ

   

شکاگو میں 4 روزہ ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن جاری۔ کملا کو ہلاری کلنٹن کی تائید

واشنگٹن: امریکہ میں صدارتی الیکشن رواں سال نومبر میں ہوںگے۔ اس سے قبل صدارتی امیدوار کملا ہیرس کو امریکی امیدوار اور سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو ’فراڈ‘ قرار دے دیا گیاہے۔ اگلے چار سالہ مدت کے لئے صدارتی الیکشن ہوں گے جس میں ری پبلیکنز کی جانب سے سابق صدر ٹرمپ ایک بار پھر امیدوار ہیں تو دوسری جانب ڈیموکریٹس کی جانب سے موجودہ نائب صدر کملا ہیرس کو نامزد کیا گیا ہے اور دونوں امیدوار بھرپور طریقے سے اپنی اپنی انتخابی مہم چلاتے ہوئے ایک دوسرے کے خلاف الزام تراشی کررہے ہیں۔ صدارتی انتخابات کے سلسلے میں شکاگو میں چار روزہ ڈیموکریٹک نیشنل کنونشن جاری ہے ۔ کنونشن کے پہلے روز مقررین اور شرکاء نے کملا ہیرس کی مکمل حمایت کا اعلان کیا جب کہ ان کے حریف ٹرمپ پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی۔سابق امریکی خاتون اول ہلاری کلنٹن نے دعویٰ کیاکہ کملا ہیرس امریکہ کی 47 ویں صدر ہوں گی۔ اُنھوں نے کملا کی بھرپور تائید کا اظہار کیا اور کہاکہ ٹرمپ سے امریکہ کو خطرات لاحق ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق ڈی این سی سے سینیٹرز، ارکان کانگریس، میئر اور یونین قائدین نے خطاب کیا، جس میں مقررین نے کملا کو امریکی عوام کی حقیقی امیدوار جب کہ ان کے حریف ٹرمپ کو فراڈ قرار دیا۔سابق صدر براک اوباما چہارشنبہ کو ، اُن کے پیشرو بل کلنٹن پرسوں اور کملا ہیرس آخری روز خطاب کریں گی۔