مہمان کپتان روٹ کے 50 رن۔ تیسرے ایشز ٹسٹ میں بھی آسٹریلیا کی عمدہ شروعات ۔ جوابی اننگز میں 61/1
ملبورن: تیزگیندباز پیٹ کمنز (36رن کے عوض تین وکٹ) اور آف اسپنر ناتھن لیون (3/36) کی شاندار گیندبازی کی بدولت آسٹریلیا نے انگلینڈ کو تیسرے ایشیز ٹسٹ کے پہلے دن اتوار کے روز 185 رن پر سمیٹ دیا۔ آسٹریلیا نے اس کے جواب میں اسٹمپس تک ایک وکٹ کے نقصان پر 61 رن بنالئے ہیں اور وہ پہلی اننگز میں 124 رن سے پیچھے ہے ۔ اوپنر ڈیوڈ وارنر 42 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 38 رن بناکر جیمس اینڈرسن کا شکار بنے ۔ اسٹمپس کے وقت مارکس ہیرس 20 رن اور ناتھن لیون کھاتہ کھولے بغیر کیریز پر موجود تھے ۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا درست فیصلہ کیا۔ کمنز نے تین وکٹیں لے کر انگلینڈ کی اننگزکو تباہ کردیا۔ انہوں نے اوپنر حسیب حمید، جیک کراؤلی اور ڈیوڈ ملان کو 61 رن تک پویلین بھیج دیا۔ رہی سہی کسر اسٹارک نے کپتان جو روٹ کو آؤٹ کر کے پوری کردی۔ روٹ نے 82 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 50 رن بنائے ۔ روٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد انگلینڈ کی اننگز کو سنبھالنے والا کوئی نہیں بچا۔ بین اسٹوکس 60 گیندوں پر 25 رن بناکر کیمرون گرین کی گیند پر ٹیم کے 115 کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے ۔ جوس بٹلر تین رن بنانے کے بعد لیون کا پہلا شکار بنے ۔ 128 کے اسکور پر بٹلر کی وکٹ گری۔ مارک ووڈ (6) کو اپنا ڈیبیو ٹسٹ کھیلنے والے اسکاٹ بولانڈ نے پویلین بھیجا۔ جانی بیرسٹو نے یکطرفہ جدوجہد کرتے ہوئے 75 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 35 رن بنائے ۔ اسٹارک نے بیرسٹو کو اپنا شکار بنایا۔ بیرسٹو آٹھویں بلے باز کے طور پر ٹیم کے اسکور 159 پر آؤٹ ہوئے۔ اولی رابنسن نے 26 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 22 رن بنائے ۔ لیون نے رابنسن کو اپنا دوسرا شکار بنایا۔ اس کے بعد لیون نے جیک لیچ (13) کو اسٹیون اسمتھ کے ہاتھوں کیچ کرا دیا اور انگلینڈ کی اننگز 185 رن پر سمٹ گئی۔ کمنز نے 15 اوورز میں 36 رن دے کر تین وکٹیں ، لیون نے 14.1 اوورز میں 36 رن پر تین وکٹیں ،اسٹارک نے 54 رن پر دو وکٹیں جب کہ بولانڈ اور گرین کو ایک ایک وکٹ ملی۔ انگلینڈ جاریہ سیریز میں سنبھل نہیں پارہا ہے۔ روٹ زیرقیادت ٹیم پہلے ہی دونوں ٹسٹ ہار کر پانچ میچوںکی سیریز میں 0-2 سے پیچھے ہے۔ یہاں ملبورن میں مہمانوں کو شکست ہوجاتی ہے تو انگلش کرکٹ کو بڑا جھٹکہ لگے گا۔ رواں سیریز سے قبل آسٹریلین ٹسٹ کرکٹ بحران سے دوچار تھی۔ ٹم پین کی متنازعہ حالات میں کپتانی سے استعفے کے بعد آسٹریلین سلیکٹرز نے طویل عرصے میں پہلی مرتبہ بولر کمنز کو کیپٹن بنایا اور یہ فیصلہ کامیاب ہورہا ہے۔