کورونا سے مقابلہ کرنے والے ڈاکٹرس حکومت کی توجہ سے محروم

   

مریضوں کی حقیقی تعداد چھپانے کا الزام، نارائن ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے خازن جی نارائن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ حکومت کورونا سے جدوجہد کرنے والوں کو نظرانداز کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرس، پیرا میڈیکل اسٹاف، پولیس ملازمین، صفائی ورکرس، صحافی اور دوسروں کو حکومت کی جانب سے مناسب امداد کی ضرورت ہے لیکن حکومت امداد کی فراہمی میں ناکام ہوچکی ہے۔ اپنی زندگی کو خطرہ میں ڈال کر مذکورہ افراد کورونا کا مقابلہ کررہے ہیں اور ہزاروں مریضوں کی جان بچائی ہے۔ حکومت انہیں بہتر طبی آلات اور دیگر ضرورتوں کی تکمیل میں ناکام ہوچکی ہے۔ ڈاکٹرس، پولیس اور ورکرس کو کورونا سے متاثر ہونے کی صورت میں مناسب علاج کی سہولت موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مفت علاج کی سہولت فراہم کی جانی چاہیئے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کورونا واریرس کو سہولتوں کے سلسلہ میں آج تک ایک اجلاس بھی طلب نہیں کیا۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ مرکز اور ریاستی حکومتیں اپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ مرکز کے پاس کورونا سے فوت ہونے والے ڈاکٹرس کی تفصیلات سے تک موجود نہیں ہیں جبکہ ریاستی حکومت نے بھی ڈاکٹرس اور دیگر شعبہ جات کو نظرانداز کردیا ہے۔ کانگریس قائد نے کہا کہ کورونا کا مقابلہ کرنے والے افراد کو مفت علاج کی سہولت فراہم کی جانی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا کی تفصیلات کے سلسلہ میں حکومت حقائق کو چھپانے کی کوشش کررہی ہے۔