کورونا مریضوں کی مدد کیلئے ضلع کلکٹرس اور وزراء کو کے ٹی آر کی ہدایت

   

زائد فیس وصول کرنے والے ہاسپٹلس کی شکایت، آکسیجن کیلئے آندھرا پردیش کے ایک مریض کا ربط
حیدرآباد۔وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے مختلف اضلاع میں کورونا متاثرہ مریضوں کی مدد کیلئے ضلع کلکٹر و مقامی ارکان اسمبلی کو ہدایت دی ۔ انہوں نے خانگی دواخانوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی جو مریضوں سے زائد رقومات وصول کررہے ہیں۔ کے ٹی راما راؤ کو آج ٹوئٹر پر مختلف اضلاع و آندھرا پردیش کے بعض مقامات سے کورونا مریضوں کی مدد کے سلسلہ میں اپیل موصول ہوئی۔ فلم ایکٹر نکھل سدھارتھ نے ٹوئیٹ کرکے بتایا النکار ہاسپٹل ورنگل میں مریض سے پہلے دن ایک لاکھ روپئے اور باقی دنوں میں روزانہ 75 ہزار روپئے وصول کئے گئے۔ فلم اسٹار نے مریض کے تیمار دار سے حاصل تفصیلات اور ان کا فون نمبر کے ٹی آر کو روانہ کیا۔ نکھل نے کے ٹی آر سے اپیل کی کہ وہ اس معاملہ میں مداخلت کریں۔ کے ٹی راما راؤ نے جوابی ٹوئیٹ کرکے بتایا کہ ورنگل کلکٹر کو کارروائی کی ہدایت دی جائیگی۔ اسی طرح کی ایک شکایت محبوب نگر سے رنویتا ریڈی نے کی۔ ٹوئیٹر پر کے ٹی آر کو بتایا گیا کہ پنچاوتی ہاسپٹل نے مریض سے بھاری رقم وصول کی ہے۔ بل کی تصاویر ٹوئیٹر پر روانہ کی گئیں۔ شکایت میں کہا گیا کہ ہاسپٹل نے مریض کو صرف آکسیجن پر رکھا ہے لیکن مزید 6 لاکھ روپئے ادا کرنے دباؤ بنایا جارہا ہے۔ کے ٹی راما راؤ نے فوری کارروائی کرکے وزیر سیاحت و مقامی رکن اسمبلی وی سرینواس گوڑ اور ضلع کلکٹر کو فوری مداخلت کرکے پریشان حال مریض اور ان کے افراد خاندان کی مدد کرنے کی ہدایت دی۔ کے ٹی راما راؤ کو مائیگرنٹ ورکرس کے خلاف مظالم سے متعلق بھی شکایات موصول ہوئیں۔ نوین کمار نامی شخص نے ورکرس کے زخموں کی تصاویر کے ساتھ ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ اوڈیشہ سے تعلق رکھنے والے 35 مائیگرنٹ ورکرس شمس آباد ضلع رنگاریڈی میں اینٹوں کی بھٹی میں کام کرتے ہیں۔ مالک نے گزشتہ 8 ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی ہیں اور ورکرس کو بری طرح سے مار پیٹ کی ہے۔ مائیگرنٹ ورکرس کافی پریشان ہیں اور انہیں ہلاکتوں کا اندیشہ ہے۔ کے ٹی راما راؤ نے فوری ٹوئیٹ کرتے ہوئے تفصیلات روانہ کرنے کا مشورہ دیا تاکہ متعلقہ پولیس کے ذریعہ مقدمہ درج کرتے ہوئے تنخواہیں حاصل کی جاسکیں۔ کے ٹی آر نے اپنے دفتر کو ہدایت دی کہ وہ مقامی نظم و نسق سے ربط میں رہیں اور ورکرس کو انصاف دلائیں۔ آندھرا پردیش کے وجے نگرم ضلع سے کورونا کے ایک مریض کے رشتہ دار نے آکسیجن اور دیگر سہولتوں کے سلسلہ میں کے ٹی آر سے مدد طلب کی۔ پرساد اکولہ نامی شخص نے اس کے رشتہ دار کیلئے آکسیجن سلینڈر کی درخواست کی۔ اس نے کہا کہ کم از کم 12 کیلو لیٹر آکسیجن کی ضرورت ہے۔ کے ٹی آر نے آندھرا پردیش کے اپنے ہم منصب ایم گوتم سے ربط قائم کرتے ہوئے مریض کی مدد کرنے کی اپیل کی۔