کورونا :نئے سال کے جشن پر نظر رکھیں ، مرکز کی ریاستوں کو ہدایت

   

نئی دہلی: سال 2021ء صرف ایک روز کے فاصلے پر ہے اور ایسے موقع پر ہندوستان ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں جشن کا اہتمام کیا جاتا ہے اور لوگوں کا جم غفیر ایک دوسرے کو مبارکباد دیتا ہوا نظر آتا ہے، لیکن مارچ 2020ء سے پوری دنیا کی کووڈ۔ 19 نے جو حالت بدلی ہے۔ اس نے اب 2021ء کی آمد پر منائے جانے والے جشن کے انعقاد کو بھی غیریقینی صورتحال کا شکار کردیا ہے۔ ہندوستان کی مرکزی حکومت نے بھی ریاستوں سے خواہش کی ہے کہ 31 ڈسمبر2020ء اور یکم جنوری2021ء کو سخت تحدیدات عائد کی جائیں تاکہ نئے سال کے جشن کیلئے لوگوں کا ایک ہی مقام پر ہجوم جمع نہ ہوپائے۔ یاد رہے کہ ریاستی حکومتوں کو یہ اختیار بھی دیا گیا ہے کہ وہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد تحدیدات کا نفاذ کرسکتی ہے۔ برطانیہ سے ہندوستان آنے والے بعض مسافرین میں کووڈ کے نئے اثرات پائے گئے ہیں۔ یہاں یہ بات بھی کافی حوصلہ افزاء ہے کہ گزشتہ ساڑھے تین ماہ کے دوران ملک میں کووڈ 19 کے فعال کیسیس میں کافی کمی آئی ہے۔ یوروپ اور امریکہ میں نئے کورونا وائرس کے معاملات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمارے ملک (ہندوستان) میں بھی شدید احتیاطی اقدامات اور نگرانی کی ضرورت ہے۔ مرکزی حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے ریاستوں کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔