بیجنگ،19فروری(سیاست ڈاٹ کام) چین میں کورونا وائرس نے مزید 136 افراد کی جان لے لی،خوفناک وائرس سے ہلاک ہونے والے لوگوں کی تعداد 2004 ہوگئی ہے جبکہ 1749 نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔ابھی تک 74,185 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہیں۔ چین میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد میں پیرامیڈیکل اسٹاف بھی شامل ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین میں ڈاکٹرز اور نرسوں کو بھی مریضوں کے علاج میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ کورونا وائرس سے چین کے علاوہ تائیوان، فلپائن، ہانگ کانگ، جاپان اور فرانس میں 5 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ دیگر کئی ملکوں میں متعدد افراد بیمار ہیں۔ گزشتہ سال دسمبر میں چین کے شہر ووہان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد یہ 25 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے ۔