کورونا ٹسٹوں میں کمی پر 6 اضلاع کے عہدیداروں کے خلاف کارروائی

   

محکمہ صحت نے وضاحت طلب کی، ڈسمبر تک کیسس میں مزید اضافہ کا اندیشہ
حیدرآباد: تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے کورونا ٹسٹوں میں اضافہ کے فیصلہ کے باوجود 6 اضلاع میں عہدیدار ٹسٹوں کے معاملے میں عدم دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں۔ محکمہ صحت نے 6 اضلاع کے ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر کے خلاف کارروائی کا اشارہ دیا ہے ۔ حکومت کی ہدایت کے باوجود 6 اضلاع میں ٹسٹوں کی تعداد توقع کے مطابق نہیں ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے روزانہ کم از کم 60,000 ٹسٹ منعقد کرنے کی ہدایت دی تھی لیکن 6 اضلاع میں کم ٹسٹوں کے نتیجہ میں ہفتہ میں کم از کم دو دن مجموعی ٹسٹوں کی تعداد گھٹ کر 50 فیصد ہورہی ہے۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت کی جانب سے بھوپال پلی ، میڑچل ، نارائن پیٹ ، نرمل ، سرسلہ اور وقار آباد کے ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر کو مکتوب روانہ کیا گیا ۔ عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ ان اضلاع میں کیسس کی تعداد میں اضافہ کے باوجود ٹسٹوں کے معاملہ میں عہدیداروں کا رویہ ٹھیک نہیں ہے ۔ میڑچل اور بھوپال پلی میں اتوار کے دن ایک بھی ٹسٹ نہیں کیا گیا جبکہ نارائن پیٹ میں صرف 8 ٹسٹ کئے گئے۔ نرمل میں 47 ، سرسلہ 39 اور وقار آباد میں 72 ٹسٹ کئے گئے ۔

ان اضلاع میں روزانہ کم از کم 200 ٹسٹ کئے جانے چاہئے۔ حکومت نے ہر ضلع کے لئے 2000 ٹسٹوں کا نشانہ مقرر کیا ہے لیکن عہدیدار 200 ٹسٹ تک محدود ہوچکے ہیں۔ ریاپڈ انٹیجن ٹسٹ اور آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کے سلسلہ میں تمام اضلاع سے رپورٹ حاصل کرنے کے بعد 6 اضلاع کے عہدیداروں پر کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ خاص طور پر تعطیلات کے دوران اضلاع میں ٹسٹوں کی تعداد کم ریکارڈ کی جارہی ہے۔ 6 اضلاع کے میڈیکل عہدیداروں سے اندرون 24 گھنٹے رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ رپورٹ میں تاخیر کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔ اسی دوران آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس بھوپال کی جانب سے کئے گئے سروے میں انکشاف ہوا ہے کہ لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں تلنگانہ میں کورونا کیسس پر قابو پانے میں مدد ملی ہے۔ مارچ اور اپریل کے درمیان لاک ڈاؤن کے سبب تلنگانہ اور دیگر ریاستوں میں کیسس کی تعداد کم ریکارڈ کی گئی اور آندھراپردیش میں جہاں فی الوقت کیسوں کی تعداد زیادہ ہے، وہاں بھی صورتحال قابو میں تھی۔ تلنگانہ ، آندھراپردیش ، ٹاملناڈو ، مغربی بنگال اور مدھیہ پردیش میں لاک ڈاؤن کے اختتام کے بعد کیسس کی تعداد میں اضافہ درج کیا گیا ۔ ماہرین نے ملک میں کورونا کے دوسرے مرحلہ کا اندیشہ ظاہر کیا ہے، تاہم حکومت کی جانب سے مرحلہ وار انداز میں لاک ڈاؤن کی پابندیوں کو ختم کردیا گیا۔ ملک میں روزانہ 80 تا 90 ہزار نئے کیسس منظر عام پر آرہے ہیں۔ سات ریاستیں کورونا سے بری طرح متاثر ہیں۔