کوہلی اور بورڈ کو تنازعہ ختم کرنے کپل دیو کا مشورہ

   

نئی دہلی ۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو نے بی سی سی آئی اور ویراٹ کوہلی پر زور دیا ہے کہ وہ قومیکرکٹ کی بہتری کے لیے ایک ساتھ بیٹھیں، طویل گفتگوکریں اور تمام تنازعات کو ختم کریں۔ رپورٹس کے مطابق کپل دیو نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کرکٹ کی موجودہ صورتحال پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جب ویرات کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی چھوڑی توکسی نے سوچا کہ شاید اْن کے دماغ میں بہت کچھ ہے، جو کچھ ہم نے پڑھا اور سنا ہے، کوئی نہیں چاہتا تھا کہ کوہلی کپتانی چھوڑ دیں۔کپل دیو نے کہا کہ ویراٹ کوہلی ایک لاجواب کھلاڑی ہے، ہمیں ان کے فیصلے کا احترام کرنا چاہیے۔اْنہوں نے کہا کہ کوہلی اور بی سی سی آئی کو اپنے درمیان مسائل کو حل کرنا چاہیے تھا، فون اٹھائیں، ایک دوسرے سے بات کریں، ملک اور ٹیم کو اپنے سامنے رکھیں۔کپل دیو نے اپنے کیرئیرکو یاد کرتے ہوئے کہا کہ شروع میں، مجھے بھی وہ سب کچھ مل گیا جو میں چاہتا تھا لیکن اگرکبھی آپ کو آپ کی خواہش کے مطابق کچھ نہ ملے تو اس کا مطلب یہ نہیں ہونا چاہیے کہ آپ کپتانی چھوڑ دیں۔کپل دیو نے مزید کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ کوہلی نے کپتانی کیوں چھوڑی لیکن وہ ایک شاندارکھلاڑی ہے اور میں کوہلی کو بہت زیادہ کھیلتے اور رنز بناتے ہوئے دیکھنا چاہتا ہوں، خاص طور پر ٹیسٹ کرکٹ میں۔