کویتا آج اپنی نئی پارٹی ۔ جھنڈے اور ایجنڈہ کا اعلان کریں گی

   

میڑچل کے کنونشن سنٹر میں جلسہ عام 30 ہزار افراد کی شرکت متوقع
حیدرآباد 24 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ کی سیاست میں ایک بڑی پیشرفت کے طور پر تلنگانہ جاگرتی کی سربراہ و سابق ایم ایل سی کے کویتا کل 25 اپریل 2026 کو صبح 10 بجے اپنی نئی سیاسی پارٹی کے نام، جھنڈے اور ایجنڈہ کا باضابطہ اعلان کریں گی۔ یہ اعلان میڑچل کے اڈوایا کنونشن سنٹر میں منعقدہ جلسہ عام میں کیا جائے گا ۔ اس جلسہ میں 30 ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق کویتا کی پارٹی کے ممکنہ ناموں میں تلنگانہ پرجا جاگروتی تلنگانہ پر جاوکاس سمیتی اور تلنگانہ پرجا سمیتی شامل ہیں جنہیں پہلے ہی ریاست بھر میں فلیکسی اور بیانرس کے ذریعہ پروموٹ کیا جارہا ہے۔ پروگرام کا آغاز گن پارک میں یادگار شہیداں پر خراج عقیدت پیش کرنے سے ہوگا۔ کویتا نے ’جنم باٹا‘پروگرام کے ذریعہ اپنی پارٹی کیلئے زمینی سطح پر تیاریاں مکمل کرلی ہے جبکہ تلنگانہ جاگرتی پلیٹ فارم کے ذریعہ اپنی پارٹی میں مختلف جماعتوں اور رضاکارانہ تنظیموں کے قائدین کو شامل کرنے کا عمل شروع کیا ہے۔ سابق رکن اسمبلی راٹھور بابو رراؤ نے اپنے حامیوں کے ساتھ کویتا سے ملاقات کرکے ان کی پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔ کویتا بی آر ایس سے علیحدگی کے بعد ایک طرف حکمران کانگریس اور دوسری طرف اصل اپوزیشن بی آر ایس کے علاوہ بی جے پی کو تنقیدوں کا نشانہ بنا رہی ہیں جس سے واضح ہوتا ہے کہ وہ خود کو ایک متبادل سیاسی قوت کے طور پر پیش کرنا چاہتی ہیں۔ 2؍F