کویتا کو پھر مایوسی عدالتی تحویل میں 20 مئی تک توسیع

   

انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے 8 ہزار صفحات پر مشتمل سپلیمنٹری چارج شیٹ پیش کی
حیدرآباد ۔ 14 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا کو پھر ایک مرتبہ مایوسی ہوئی ۔ دہلی شراب اسکام کیس میں گرفتار ہونے والی کویتا کی عدالتی تحویل میں راوس ایونیو کورٹ نے مزید ایک ہفتہ 20 مئی تک توسیع دینے کے احکامات جاری کئے ۔ دہلی شراب اسکام میں گرفتار ہونے والی بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل فی الحال عدالتی تحویل میں ہے ۔ ان کی عدالتی تحویل آج ختم ہوئی ۔ جس پر انہیں سی بی آئی کی خصوصی عدالت میں ورچول انداز میں پیش کیا گیا ۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ ( ای ڈی ) کے عہدیداروں نے کویتا کی عدالتی تحویل میں مزید 14 دن تک توسیع دینے کی عدالت سے اپیل کی ۔ کیس پیشرفت میں ہونے کی دلیل پیش کرتے ہوئے چارج شیٹ بھی پیش کرنے کی عدالت کو اطلاع دی گئی ۔ ای ڈی کے عہدیداروں نے بتایا کہ 8 ہزار صفحات پر مشتمل سپلیمنٹری چارج شیٹ پیش کی گئی ہے جس پر عدالت نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ای ڈی کی جانب سے داخل کی گئی عبوری چارج شیٹ پر غور کرنے سے تعلق 20 مئی کو فیصلہ کرنے سے واقف کرایا اور کویتا کی عدالت تحویل میں 20 مئی تک توسیع کرنے کے جج نے احکامات جاری کردئیے ۔ واضح رہے کہ دہلی شراب اسکام کیس میں گرفتار ہونے والی کویتا تہاڑ جیل میں ہے ۔ ای ڈی نے دہلی شراب اسکام میں کویتا کے رول کے تعلق سے چارج شیٹ داخل کی ہے ۔ دوسری جانب کویتا کی جانب سے ای ڈی کے کیس میں ضمانت کے لیے داخل کی گئی درخواست پر دہلی ہائی کورٹ 24 مئی کو سماعت کرے گی ۔۔ 2