کویتا کی کے سی آر سے جذباتی ملاقات

   

پیر چھوکر آشیرواد لیا ۔ والد نے نم آنکھوں سے گلے لگالیا
حیدرآباد۔/29 اگسٹ، ( سیاست نیوز) بی آر ایس ایم ایل سی کے کویتا نے ایرہ ولی فارم ہاوزپہنچ کر اپنے والد اور بی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی۔ باپ اور بیٹی کی ملاقات جذباتی رہی۔ کویتا نے پہلے کے سی آر کے قدم چھوئے اور ہاتھ کو چوما ۔ کے سی آر نے نم آنکھوں سے دختر کو گلے لگایا۔ گذشتہ 10 دن سے کے سی آر فارم ہاوز میں آرام کررہے ہیں۔ دہلی شراب پالیسی کیس میں کویتا ساڑھے پانچ ماہ تہاڑ جیل میں قید رہیں اور منگل کی شام رہا ہوئیں۔ چہارشنبہ کو دہلی سے حیدرآباد پہونچیں۔ بی آر ایس کارکنوں نے ان کا شاندار خیرمقدم کیا۔ آج دوپہر کویتا اپنے والد کے سی آر سے ملاقات کرنے فارم ہاوز پہونچیں ان کے ہمراہ شوہر انیل اور فرزند بھی تھے۔ دختر سے مل کر کے سی آر خوش تھے مگر ان کی آنکھیں نم تھیں۔ ایک طرف اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی شکست تو دوسری طرف لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کا کھاتہ نہ کھلنے پر بی آر ایس میں مایوسی ہے اور کویتا کے جیل جانے پر بھی کے سی آر غمزدہ تھے آج دختر کویتا کو دیکھ کر کے سی آر جذباتی ہوگئے تاہم سب کے سامنے انہوں نے خود کو قابو میں رکھا۔ فارم ہاوز پہونچتے ہی کویتا کی آرتی اُتاری گئی۔پارٹی ارکان اسمبلی و دیگر موجود تھے۔2