کڑپہ کے رکن پارلیمنٹ اویناش ریڈی چوتھی مرتبہ سی بی آئی کے روبرو پیش

   

حیدرآباد۔/14 مارچ، ( سیاست نیوز) سابق وزیر وائی ایس ویویکا نند ریڈی قتل معاملہ میں کڑپہ کے رکن پارلیمنٹ اویناش ریڈی سے سی بی آئی عہدیداروں نے آج تقریباً 4 گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی ہے۔ اویناش ریڈی آج صبح 11:30 بجے حیدرآباد میں واقع سی بی آئی کے دفتر پہنچے۔ سی بی آئی کے ایس پی رام سنگھ کی قیادت میں عہدیداروں نے رکن پارلیمنٹ سے سوالات کئے۔ ویویکانند ریڈی قتل معاملہ میں سی بی آئی نے چوتھی مرتبہ کڑپہ کے رکن پارلیمنٹ کو تحقیقات کے لئے طلب کیا ہے۔ سی بی آئی کو شبہ ہے کہ ویویکانند ریڈی کے قتل کی اطلاع لوگوںکو صبح 6 بجے معلوم ہوئی لیکن اویناش ریڈی اور ان کے والد بھاسکر ریڈی کو 6 بجے سے پہلے اس واقعہ کی اطلاع تھی۔ پارلیمنٹ اجلاس کے پیش نظر تحقیقات کیلئے حاضر ہونے سے استثنیٰ دینے کیلئے اویناش ریڈی نے مکتوب روانہ کیا جس پر سی بی آئی نے کوئی جواب نہیں دیا جس کے نتیجہ میں آج انہیں حاضر ہونا پڑا۔ اسی دوران ہائی کورٹ نے سی بی آئی کو اویناش ریڈی کی درخواست پر فیصلہ تک گرفتار نہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔ر