نئی دہلی: موتی نگر اور کیرتی نگر اسٹیشنوں کے درمیان ’کیبل‘ کی چوری کی وجہ سے جمعرات کو دہلی میٹرو کی بلیو لائن خدمات متاثر رہیں۔ دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) نے کہا کہ متاثرہ حصے پر دن بھر میٹرو کی رفتار سست رہے گی اور خدمات میں کچھ تاخیر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ موتی نگر اور کیرتی نگر اسٹیشنوں کے درمیان ’سگنلنگ کیبل‘ کی چوری اور لائن کو نقصان پہنچنے کی اطلاع کے بعد صبح سے ہی ‘بلیو لائن’ پر میٹرو خدمات کو کنٹرول کیا گیا۔ ڈی ایم آر سی نے کہا کہ موتی نگر اور کیرتی نگر کے درمیان ’بلیو لائن‘ پر کیبل کی چوری سے پیدا ہونے والا مسئلہ رات کے اوقات کار کے ختم ہونے کے بعد ہی حل ہو جائے گا اور میٹرو دن کے وقت متاثرہ حصے پر محدود رفتار سے چلے گی، جس سے خدمات میں کچھ خلل پیدا ہوگا۔ تاہم، بلیو لائن کے دیگر حصوں پر خدمات معمول کے مطابق جاری ہیں۔ میٹرو کی ’بلیو لائن‘ دوارکا کو ویشالی اور نوئیڈا سٹی سینٹر سے جوڑتی ہے ۔