واشنگٹن ۔ 10 اکتوبر (ایجنسیز) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے قدامت پسند مبصر کیٹی زکریا کو وائٹ ہاؤس کی نئی پریس سیکریٹری مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیٹی زکریا اس وقت ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ سے وابستہ ہیں، وہ کمیونیکیشن ایڈوائزر کے طور پر کام کر رہی ہیں، یہ ادارہ ’ٹروتھ سوشل‘ کا انتظام سنبھالتا ہے۔ اس سے قبل وہ مختصر عرصے کے لیے امریکی محکمہ داخلی سلامتی (ڈی ایچ ایس) میں ترجمان کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکی ہیں۔ انہوں نے ریاست میں قدامت پسند ایجنڈہ کو فروغ دینے کے لیے ٹرمپ کے اتحادی رک گرینل کی جانب سے قائم کردہ ایک غیر منافع بخش تنظیم ’فکس کیلیفورنیا‘ کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کیٹی زکریا کو وفادار اور میگا تحریک (میک امریکہ گریٹ اگین) کی پرجوش حامی اور رکن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کیٹی زکریا کا ریکارڈ ان کی حمایت کے حوالے سے بے داغ رہا ہے۔