چیف منسٹر کے خلاف اہانت آمیز ریمارکس پر کارروائی کی درخواست
حیدرآباد۔/20 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے بی آر ایس قائد کے ٹی آر کے خلاف پولیس اسٹیشن سیف آباد میں شکایت درج کرائی ہے۔ رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو اور رکن اسمبلی خانہ پور وی بی پاٹل نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر تحریری شکایت حوالہ کی جس میں کہا گیا ہے کہ کے ٹی آر نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر آج ایک پوسٹ کیا جس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خلاف اہانت آمیز ریمارک کئے گئے۔ کے ٹی آر نے لکھا کہ اقتدار میں واپسی کے پہلے ہی دن سکریٹریٹ کے اطراف موجود کچرا صاف کردیا جائے گا۔ کے ٹی آر دراصل راجیو گاندھی کے مجسمہ کی تنصیب کا حوالہ دے رہے تھے۔ انہوں نے اپنے پوسٹ میں چیف منسٹر کو ہائی کمان کے غلام قرار دیا۔ کے ٹی آر کے پوسٹ کو انتہائی توہین آمیز قرار دیتے ہوئے شکایت میں کہا گیا ہے کہ اس بیان سے چیف منسٹر کا امیج متاثر ہوتا ہے۔ کے ٹی راما راؤ نے جان بوجھ کر چیف منسٹر کو ’چیپ منسٹر‘ کہا ہے۔ چیف منسٹر کے بارے میں اہانت آمیز ریمارکس پر کے ٹی آر کے خلاف کارروائی کی درخواست کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وقت جبکہ ریونت ریڈی حیدرآباد میں ہزاروں کروڑ کی سرمایہ کاری حاصل کررہے ہیں کے ٹی آر ریاست کے امیج کو متاثر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ پولیس سے درخواست کی گئی کہ کے ٹی آر کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرتے ہوئے کارروائی کی جائے۔1