محکمہ ٹرانسپورٹ نے متعلقہ کمپنی کے خلاف کارروائی کی اور اہم ذمہ داری سے علحدہ کردیا گیا
حیدرآباد 5 اکٹوبر ( سیاست نیوز) محکمہ ٹرانسپورٹ نے لائسنس اور آر سی کارڈس میں غیرمعیاری چپس سربراہ کرنے والی نوئیڈا کی کمپنی کو اس اہم ذمہ داری سے علحدہ کرکے مستقبل میں ٹرانسپورٹ محکمہ سے متعلق کسی بھی ٹنڈر میں حصہ لینے پر پابندی عائد کردی ہے۔ واضح رہیکہ محکمہ ٹرانسپورٹ سے گاڑیوں کے لائسنس اور آر سی کارڈس کی اجرائی میں چپس پر مشتمل اسمارٹ کارڈ جاری کیا جارہا ہے، جس کی خصوصیت یہ ہے کہ اس کو اسکیان کرنے پر گاڑی اور لائسنس کی مکمل تفصیلات کا علم ہوجاتا ہے لیکن یہ چپس غیرمعیاری ہونے کی چند دنوں سے شکایت مل رہی تھیں۔ اسمارٹ کارڈس بروقت دستیاب نہیں تھے۔ دستیاب کارڈس میں غیرمعیاری چپس کی اطلاعات مل رہی تھی۔ اس کی بڑے پیمانے پر شکایت وصول ہونے کے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ نے اس کی جانچ کرائی۔ چپس غیرمعیاری ہونے کی تکنیکی رپورٹ وصول ہونے کے بعد متعلقہ کمپنی کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ نوئیڈا کی میجرس کلر پلاسٹ سسٹمس پرائیوٹ لمیٹیڈ نے یہ ٹنڈر حاصل کیا تھا۔ تاہم کافی دنوں سے یہ کمپنی کارڈ ضرورت کے مطابق جاری نہیں کررہی تھی۔ اسمارٹ کارڈ کی رقم پوسٹل چارجس ادا کرنے کے باوجود مہینوں کارڈس جاری نہیں کررہی تھی جس سے گاڑیاں چلانے والوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا تھا۔ دی سیف کمیونٹی فاونڈیشن ادارہ کے صدرنشین نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو شکایت کے انہیں جاری کردہ اسمارٹ کارڈ غیرمعیاری ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے چند کارڈس حاصل کرتے ہوئے اسمارٹ کارڈ آپریٹنگ سسٹم قواعد کے مطابق کارڈ معیاری ہے یا نہیں اس کا جائزہ لینے (این آئی سی) نیشنل انفارمیشن سنٹر سے خواہش کی کارڈس کی جانچ کرنے کے بعد چند کارڈس میں چپس غیرمعیاری ہونے کی رپورٹ پیش کی۔ اس رپورٹ کا محکمہ ٹرانسپورٹ نے سخت نوٹ لیا اور نوئیڈہ کی کمپنی کو وجہ نمائی نوٹس جاری کی بعد میں اس کمپنی کے خلاف کارروائی کی گئی۔2